Voice of Asia News

عمران خان کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 11دسمبر تک توسیع

اسلام آباد(وائس آف ایشیا)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملوں سمیت 4مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11دسمبر تک توسیع کر دی۔جمعرات کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی تشدد اور پولیس سٹیشن سے زبردستی کارکنوں کے چھڑانے پرعمران خان کیخلاف درج مقدمات کی سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات شامل کیے جانے کیخلاف درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ کیا حقوق کے لیے احتجاج کرنا دہشتگردی ہے؟، اپنی سیاسی جماعت کے ہمراہ مطالبات کیلئے احتجاج کیا، دہشتگردی کی دفعات ختم کر کے مقدمہ سیشن کورٹ بھجوایا جائے۔ پراسیکیوٹر نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ عمران خان نے کارکنوں کو پولیس افسروں کو مارنے، سرکاری عمارتوں پر حملے کے لیے اکسایا، انکے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، عمران خان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دس دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ باقرنجفی رپورٹ کے بعد آدھی پنجاب پولیس کو دہشتگردی مقدمات میں اندر ہو جانا چاہیئے، وزیراعلی، وزیرقانون اور چیف سیکرٹری پر اس قانون کا اطلاق ہوتا ہے، فیض آباد دھرنے میں حکومت نے معاہدہ کر کے دہشتگردی کے مقدمات ختم کیے، فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مقدمات ختم نہیں ہوئے، ملزمان نے ضمانت کروائی، تین چار سو افراد کے پاس تو مچلکے ہی نہیں، قائدین جا چکے ہیں اور کارکنان جیل میں پڑے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع دیتے ہوئے مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست پر پولیس سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے