Voice of Asia News

بھارت فوجی طاقت کے زریعے کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

سری نگر(وائس آف ایشیا) کل جماعتی ح حریت کانفرنس ع کے سربراہ میر واعظ ڈاکٹر محمد عمرفاروق نے کہا ہے کہ بھارت فوجی طاقت کے زریعے کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نہتے شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے یہ صورت حال ختم ہونی چاہیے ۔ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق سری نگر میں سیرت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔سرور کائنات فخر موجودات حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے سیرتی مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں عوامی مجلس عمل جموں وکشمیر کے زیر اہتمام تاریخی میرواعظ منزل پر ایک پرو قار سیرتی تقریب منعقد ہوئی ۔ صدارت کے فرائض عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور متحدہ مجلس علما کے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے انجام دئے جبکہ وادی کے جن جید علمائے کرام ، مفکرین حضرات ، مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے سیرت نبوی ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ان میں مولانا محمد عباس انصاری، محمد یاسین ملک، مولانا شوکت حسین کینگ، جماعت اسلامی کے نذیر احمد رانا، تحریک حریت کے رفیق احمد اویسی ،انجمن حمایت الاسلام کے مولانا خورشید احمد قانون گو، انجمن تبلیغ الاسلام کے مولانا علی اکبر، کشمیر یورنیورسٹی کے ریسرچ اسکالر محمد نعیم، معروف نعت خواں میر شبیر احمد اور نصرت الاسلام کے مولانا ایم ایس رحمن شمس وغیرہ شامل تھے۔پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات اقدس کے انسانیت ساز پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب میں میرواعظ نے کہا کہ موجودہ دور میں جبکہ مسلم امہ خارجی اور داخلی سطح پر ان گنت مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے اور اسلام کے آفاقی نظام حیات کو دنیا کے سامنے غلط رنگ میں پیش کرنے کی استعماری سازشیں پوری شدت سے جاری ہیں ایسے میں سیرت نبوی ﷺ کو زندگی کے ہر شعبے میں رہنما بنا کر ہی ملت کی شیرازہ بندی کا کٹھن مرحلہ طے کیا جاسکتا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے