Voice of Asia News

ٹرمپ کی ہرزہ سرائی، نیشنل سکیورٹی کونسل کا اہم اجلاس کل طلب

 اسلام آباد (وائس آف ایشیا ) ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے بعد وزیراعظم نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ بھی شرکت کریں گے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔دوسری جانب وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد ہوگا، کابینہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، وزیر خارجہ امریکی صدر کے بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ اور امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کے معاملے سے بھی آگاہ کریں گے۔خیال رہے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ 15 سالوں میں پاکستان کو 33 ارب ڈالرز کی امداد دے کر ہم نے بے وقوفی کی تھی لیکن اب پاکستان کو کوئی امداد نہیں دی جائے گی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ہم پاکستان کو بھاری امداد دیتے رہے لیکن دوسری جانب سے ہمیں جھوٹ اور فریب کے سواء کچھ نہیں دیا گیا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہمارے رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتے رہے۔ وہ ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں جن کا ہم افغانستان میں تعاقب کر رہے ہیں، تاہم اب ایسا نہیں چلے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے