Breaking News
Voice of Asia News

فیصلہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جیسے لوگوں کیلئے مثال بنے گا: فواد چوہدری کی وائس آف ایشیاسے گفتگو

لاہور(وائس آف ایشیا )ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے وائس آف ایشیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالت کا بڑا مناسب فیصلہ ہے، نہال ہاشمی نے عدالت اور براہ راست جے آئی ٹی کو دھمکیاں دی تھیں۔ انہوں نے کہا فیصلہ کیپٹن (ر) صفدر جیسے لوگوں کیلئے مثال بنے گا، جو مسلسل توہین عدالت کر رہے ہیں۔دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ نہال ہاشمی کو سزا تھوڑی سنائی گئی ہے، اس وقت یہ سب بڑے ٹارزن بنے ہوئے تھے، نہال ہاشمی کو تندور پر لگانا چاہیئے تا کہ اسکے رنگ میں اور بہتری آجائے۔ انہوں نے کہا یہ نیا فیشن ہے اراکین اسمبلی توہین عدالت کر رہے ہیں۔خیال رہے سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر پر نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں نہال ہاشمی کو 15 روز مزید قید کاٹنا ہوگی۔ نہال ہاشمی 5 سال کیلئے نا اہل بھی ہوگئے۔ نہال ہاشمی نے گزشتہ سال کراچی میں عدلیہ مخالف تقریر کی تھی جس میں انہوں نے کہا تم جس سے حساب لے رہے ہو وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے اور ہم اس کے کارکن، آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاؤ گے، حساب لینے والو ہم تمہارا یوم حساب بنا دینگے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کیلئے پاکستان کی زمین تنگ کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کر سن لیں ہم نے انہیں چھوڑنا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تم پاکستان کے باضمیر اور باکردار رہنماء نواز شریف کا زندہ رہنا مشکل کر رہے ہو، پاکستانی قوم تمہارا زندہ رہنا مشکل کر دے گی۔ سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی تقریر پر توہین عدالت کانوٹس لیا تھا۔ عدالت نے 24 جنوری 2018 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے