Voice of Asia News

جلد کی قدرتی تروتازگی، خوبصورتی، پرکشش رہنے کیلئے پھولوں کا استعمال مفید ہے، ماہرین

پیرس (وائس آف ایشیا)فرانسیسی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پھولوں کی خوشبو اور عرق کا استعمال جلد کی قدرتی ترو تازگی، خوبصورتی، پرکشش رہنے کے ساتھ ساتھ انسانی دماغ کو ہر قسم کی ٹینشن سے دور رکھتا ہے۔ پیرس یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پھولوں کی خوشبوئیں اور عرقیات انسانی صحت اور اس کی خوبصورتی پر براہ راست اثرات مرتب کرتے ہیں اس لئے کچھ مختلف اقسام کے گھریلو پھولوں کو آپ اپنی روزمرہ کی روٹین میں استعمال کرسکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق چنبیلی سفید رنگ کی پنکھڑیوں پر مشتمل ایک نہایت خوشبو دار، خوب صورت اور حسین پھول ہے۔ اس پھول سے نکالا جانے والا تیل بہت سے قیمتی وٹامنز پر مشتمل ہوتا ہے جس کا مساج ٹینشن اور اداسی کو دور کرتا ہے۔لیونڈر فلاور ’’ حزام‘‘ کہتے ہیں۔ کاسمیٹکس میں استعمال ہونے والا بہترین خوش بودار پھول ہے۔ اس کا تیل انسانی تھکن اور ٹینشن کو دور کرتا جبکہ سر میں مساج اور اس کی خوشبو کے استعمال سے نیند بھی بہتر آتی ہے۔گلاب کا پھول کئی اقسام پر مشتمل ہوتا اور یہ ہر گھر اور ہر پارک میں بہ آسانی دستیاب ہوتا ہے۔ گلاب کے پھول میں وٹامن ای کثیر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گلاب کا عرق جلد کے روکھے پن کو ختم کرتا ہے، بند مساموں کو کھولنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ روز میری کا تیل خصوصاً بالوں کی مصنوعات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ روز میری کا تیل بالوں میں موجود سکری کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ پٹھوں کو پرسکون رکھتا ہے، دماغی اور ذہنی دباؤ سے بھی نجات دلاتا ہے۔ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان قدرتی اشیاء کو استعمال میں لائیں اور بازاری مصنوعات سے دور رہیں، تاکہ آپ پرسکون رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے