Voice of Asia News

پی آئی اے ٹائی ٹینک بن گیا اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا، مہتاب عباسی

کراچی(وائس آف ایشیا) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ پی آئی اے ٹائی ٹینک بن گیا ہے اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا۔منگل کومرمت کے بعد ٹرپل سیون طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ 4 ارب ڈالر ہوگیا ہے، پی آئی اے کو حکومتی معاونت دستیاب نہیں اور بینکوں سے قرض لینا مہنگا ہے۔مہتاب عباسی نے کہا کہ پی آئی اے ٹائی ٹینک بن گیا ہے اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا، ادارے کو اس کے ملازمین، انتظامیہ اور حکومت نے اون نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 777 طیاروں کی مکمل اوورہالنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی آئی اے اپنے وسائل سے موجودہ فلیٹ کو بہتر بنارہی ہے، ایئرلائن اپنے پورے فلیٹ کی آرائش کرنا چاہتی ہے جب کہ طیاروں کی مرمت اورآرائش کے لیے بینکوں سے قرض لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی ائر لائنیں ہمارے ڈومیسٹک روٹس سے مسافر لے جانے لگیں، فضائی بیڑے میں شامل جہازوں کی تزئین و آرائش مقامی سطح پر کی جارہی ہے، اگلے مرحلے میں پانچ 777 اور دیگر جہازوں پر 55 ملین ڈالرز کی رقم خرچ ہوگی۔مشیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ نیویارک کی پروازوں سے 10 برسوں میں دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے، فی الحال ہمارے پاس ایسے طیارے نہیں جو ان روٹس پر لمبے سفر کرنے کے قابل ہوں، اس لیے عارضی طور پر اس روٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی ری فربش 777 طیارہ کراچی سے اسلام آبا د گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے