Voice of Asia News

نیب ریفرنسز: نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر پر کل فرد جرم عائد ہو گی

اسلام آباد(وائس آف ایشیا)عدالت نے سابق وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ سماعت پر ایک دن کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی پیشی پر جج احتساب عدالت نے کہا تھا کہ ایک ملزم آتا ہے تو دوسرا جاتا ہے، اس لئے غیرحاضر ملزمان کا کیس الگ کر ر ہے ہیں۔دوسری جانب، حسن نواز نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد میاں نواز شریف کا فی الحال پاکستان جانے کا پروگرام نہیں ہے۔نواز شریف، حسن اور حسین نواز پارک لین اپارٹمنٹس، عزیزیہ سٹیل ملز اور آف شور کمپنیوں کے ریفرنسز میں جبکہ مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر صرف پارک لین اپارٹمنٹس کے معاملے میں نامزد ملزم ہیں۔ عدالت کے باہر چسپاں کئے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ حسن اور حسین نواز اگر ایک ماہ کے اندر احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ جاری کر دیئے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ( جمعہ کو) احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔سابق وزیراعظم پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ کردیا تھا۔سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے 2 مرتبہ 26ستمبر اور 2اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے