Voice of Asia News

سرفروشوں کے مقدس مشن کو ہر صورت پر جاری وساری رکھا جائے سید علی گیلانی

سری نگر(وائس آف ایشیا) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے حاجن میں شہیدہوئے نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش ایک قومی کاز کے لیے اپنی جانوں کو قربان کررہے ہیں اورقوم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مقدس مشن کو ہر صورت پر جاری وساری رکھا جائے۔ حریت چیرمین نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں سے لاکھوں کی تعداد میں قربانیاں پیش کی گئی ہیں اور اپنے جائز حق پر مبنی تحریک حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتی آئی ہیں، لیکن بھارت نے ہمیشہ طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف یہاں قتلِ عام کیا، بلکہ ہماری عفت مآب خواتین کی ناموس پر حملہ بھی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم ایک امن پسند قوم ہے، البتہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس خطے میں انسانی جانوں کا اتلاف جاری ہے۔ گیلانی صاحب نے نوجوانوں کی شہادت کے ایک کے بعد دوسرے مسلسل واقعات پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک امن پسند قوم پر جنگ مسلط کی گئی ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی اس خون خرابے کو اپنی ذاتی مفادات کی خاطر نظرانداز کررہی ہے۔ اس بارے میں حریت چیرمین نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ذی حس انسان خون خرابے اور انسانی جانوں کے زیاں کا روادار نہیں ہوسکتا ہے، البتہ حکومت ہندوستان اپنی اندھی طاقت کے نشے میں نہ اپنوں کا خیال کرتی ہے اور نہ انہیں کشمیریوں سے کوئی ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال بھارتی عوام اور کشمیری عوام دونوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بیمار سوچ چھوڑ کر حقائق کا سامنا کریں اور اس دیرینہ تنازعے کے لیے معاملہ فہمی اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کریں۔ گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے لیڈر بشیر احمد قریشی شہید نصراللہ حاجن کے گھر گئے اور غمزدہ خاندان تک حریت چیرمین جناب سید علی گیلانی صاحب کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ حریت راہنما بشیر احمد قریشی نے تعزیتی اجلاس میں اپنی تقریر میں کہا کہ شہداء کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ انشاء اللہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے