Voice of Asia News

تیسری بارپی ایس اے کا کوئی آئینی، قانونی جواز نہیں ہے۔سید علی گیلانی

سری نگر(وائس آف ایشیا) جموں و کشمیرپیپلز لیگ کے بزرگ و علیل چیئرمین غلام محمد خان سوپوری سمیت6 حریت پسند رہنماوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے ان6 رہنماوں محمد شعبان خان سوپور، غلام محمد خان سوپوری، معراج الدین نائیکو سیلو سوپور، یاور مظفر احمد سوپور، بشیر احمد براٹھ سوپور، ارشاد احمد تیلی، غلام نبی گوجری اور مولوی بشیر احمد پر پر مسلسل تیسری بار پبلک سیفٹی ایکٹ لگایا گیا ہے اس قانون کے تحت کسی بھی شخص کو کسی عدالتی کارروائی کے بغیر ایک سال تک جیل میں رکھا جا سکتا ہے ۔ غلام محمد خان سوپوری کو بیماری کی حالت میں تھانہ سوپور سے کٹھوعہ جیل اور، معراج الدین نائیکو سیلو سوپور، یاور مظفر احمد سوپور، بشیر احمد براٹھ سوپور، ارشاد احمد تیلی، غلام نبی گوجری اور مولوی بشیر احمد جموں امپھلا جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انتقام گیری کے تمام تر ریکارڈ مات کردئے ہیں اور اب موجودہ حکومت صرف فوج اور پولیس کے سہارے اقتدار کے مزے لوٹ کر وقت گزاری کی پالیسی پر گامزن ہے۔ گیلانی نے کہا کہ تمام بھارت نواز پارٹیوں نے اقتدار میں آکر یہاں کے عوام کو ظلم وجبر، تشدد، قتل وغارت گری، توڑ پھوڑ، چھاپوں، تلاشیوں اور گرفتاریوں سے مرعوب کرنے اور دبانے کے تمام تر حربے آزمائے، مگر یہاں کے عوام اپنے مطابۂ آزادی یعنی حقِ خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوئے۔ عوام کے اس عزم اور حق پسندی کے جذبے سے لبریز تحریک کو کچلنے کے لیے سامراجی حربے تسلسل سے جاری ہیں، یہی وجہ ہے کہ حکومت تحریکِ آزادی سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کو 2016 ؁ء سے مسلسل کالے قوانین کا سہارا لیکر بار بار PSAکے تحت جیلوں میں بند کرکے انتقام لے رہی ہے۔ حریت چیرمین نے کہا کہ PSAکواش ہونے کے بعد دوسرے اور تیسرے PSAکا کوئی آئینی، قانونی، اخلاقی، انسانی یا سیاسی جواز نہیں ہے اور موجودہ حکومت جب اپوزیشن میں تھی تب وہ اپنے پیش رو حکومت کو آزادی پسند عوام کو PSAکے تحت گرفتار رکھنے کو ظلم سے تعبیر کرتی تھی، مگر اب موجودہ حکومت صرف اور صرف PSAکا عارضی سہارا لیکر اقتدار پر براجمان رہنا چاہتی ہے۔ اب موجودہ حکومت کو عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، مظالم نہیں لگتے ہیں، کیونکہ یہ مظالم اُن کے اپنے ہاتھوں سے ڈھائے جاتے ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ محمد شعبان خان اور غلام محمد خان سوپوری بیماریوں میں مبتلا ہیں اس کے باوجود اُن پر تیسری بار PSAلگانا انتہائی ظلم ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی پر زور دیا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے