Voice of Asia News

پی ایف ایف کی معطلی نے پاکستانی سپورٹس حکام کو جگادیا

کراچی(وائس آف ایشیا)پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی اور عالمی سطح پر بدنامی کے بعد پاکستان میں کھیلوں کے حکام بھی جاگ گئے۔ طویل عرصے سے حکومتی مداخلت پر فیفا کی وارننگ کے باوجود ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جس سے پاکستان کی جگ ہنسائی کو روکا جاسکے۔ جمعرات کو بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں فیفا کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے بعد درپیش صورت حال کا جائزہ لیا گیا ۔ حیرت انگیز طور پر اس اجلاس میں کوئی ایسا فیصلہ سامنے نہیں آسکا جس سے فوری طور فیفا حکام کو مطمئن کیا جاسکے اور پابندی کا خاتمہ ہوسکے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ صورت حال پاکستان فٹبال فیڈریشن میں موجود دو گروپوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے سامنے آئی ، فیڈریشن کے عدم تعاون کے باعث فیڈریشن کا کسی قسم کا آڈٹ نہیں کرایا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ ملک میں فٹبال کی ترقی اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے اس شرمناک صورتحال کو حل کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے تا کہ اس مسئلہ سے مستقل طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملہ کو حل کرنے کے لیے ملکی و غیر ملکی قانون کو سامنے رکھتے ہوئے متعلقہ لوگوں کی مشاورت سے پائیدار حل تلاش کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے