Voice of Asia News

عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، کا خیال رکھیں میرواعظ

سری نگر(وائس آف ایشیا) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے عوام کو تاکید کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، یتیموں اور حاجتمندوں کو بھر پور انداز میں شامل کریں لیل القدر کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوا ۔ میرواعظ نے رمضان المبارک کے عظیم پیغام کو اس کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ جہاں ہمیں تزکیہ نفس کے حصول اور اللہ تعالی کی ذات کے ساتھ تمسک کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنے کی دعوت دیتا ہے وہیں اس مہینے کے فیوض و برکات اور اللہ کی بے پناہ رحمتوں سے ایک مسلمان کو بھرپور استفادہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ من حیث القوم آج جن سنگین نوعیت کے مسائل کا ہمیں سامنا ہے اسکی بنیادی وجہ قرآن حکیم سے دوری اور اسلام کے آفاقی پیغام کو نہ سمجھنے یا ان پر عمل نہ کرنا ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ قرآنی احکامات اور اسلام کے آفاقی نظام حیات کو سمجھے بغیر اور اس کو اپنی زندگیوں میں عملی طور نافذ کئے بغیر ہم صحیح معنوں میں کامیابی اور سرخروئی سے ہمکنار نہیں ہو سکتے ہیں۔ میرواعظ نے وطن عزیز کے پر آشوب اور ناگفتہ بہہ حالات کے تناظر میں عید الفطر کی تقریب اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کے ساتھ منانے کی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے عوام کو تاکید کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، یتیموں اور حاجتمندوں کو بھر پور انداز میں شامل کریں اور اس مقدس مہینے میں ہم نے مواسات ، ہمدردی ، انسان دوستی اور ایثار و قربانی کا جو سبق سیکھا ہے، اس کی پورے سال ہم اپنی عملی زندگیوں میں تکرار کرتے رہیں تاکہ ہم اپنے سماج کو صحیح معنوں میں ایک بہتر اور برائیوں سے پاک سماج کی حیثیت سے تعمیر کر سکیں۔ اس مرحلے پر میرواعظ نے غلبہ اسلام اور عالم اسلام کے مابین پائیدار اتحاد ، امت مسلمہ کی سربلندی اور خوشحالی اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے رقت آمیز اور پر سوز دعاؤں کی پیشوائی کی۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے