Voice of Asia News

ووٹ دینا جمہوری اورایک دینی و شرعی ذمہ داری بھی ہے:محمد قیصر چوہان

پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر کچھ قابل و ایماندار اُمیدواروں کے ساتھ ساتھ بہت سارے سیاسی شعبدہ باز اور بازیگر فریب دہی و ملمّع سازی کے ذریعے سادہ لوح عوام کی نظروں کو خیرہ کرنے اور کھلا فریب دینے کی خاطر برساتی مینڈکوں کی طرح ٹرٹر کرتے ہوئے گتّے داری اور دلالی سے مستفید ہونے اور قوم و ملت کا سودا کرنے کے عزم مصمم کے ساتھ میدان میں اترچکے ہیں۔ جس طرف دیکھئے ایک شوروغل اور ہنگامہ بپا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر ایک جشن لگا ہوا ہے ، مشروبات کی بوتلوں کے کھلنے کی ٹھکاٹھک، قبیلوں و برادریوں کے اتحاد و یک جہتی کی باتیں ، کونوں کھدروں میں ہوتے مول تول، انتخابی دنگل میں اترے اُمیدواروں کے عارضی دفاتر پر سالوں سے بچھڑے ہوئے بے روزگاروں کی یومیہ ملاقاتیں و شب بیداریاں ، نکڑوں اور کارنروں پرآویزاں ہورڈنگس اور بینروں کی بہتات، خوشنما وعدوں کے دلفریب نعریں۔ غرض یہ کہ ایک نئی مہم شروع ہے ، ذاتی مفاد کی خاطر جرائم پیشہ اور غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے اپنی وابستگی کے مظاہرے کی مہم، مد مقابل کی کردارکشی کیلئے کمر باندھنے کی مہم ، مخالفین کی پردہ دری و عیب جوئی کی مہم۔ انسانیت نوازوں اور مسیحاؤں کے لباس میں ملبوس قارون و شداد کی غریب پروری و انسانیت نوازی کیلئے اپنے سیاہ خزانوں کے دہانے کھول دینے کی مہم۔پاکستانی عوام کی عمومی شعوری سطح نہایت ہی سادگی اور بھولے پن سے بھری ہوئی ہے ، ہماری اکثر یت زیادہ تر سادہ لوح ہی واقع ہوئی ہے ، چڑھتے سورج کے سامنے اپنی جبین نیاز کو خم کرنا اور ظاہری چمک دمک سے اپنی نظروں کو خیرہ کرنا ہمارا شیوہ بن چکا ہے ، سیاسی شعبدہ بازوں اور بازیگروں سے ہر مرتبہ فریب کھاکر بھی بدمزہ نہ ہونا ہماری بدذوقی کی نہایت بدترین دلیل ہے ،ہماری اس سادہ لوحی و فریب خوردنی پر میر تقی میر کا یہ شعر پوری طرح ثابت ہوتا ہے کہ
میرکیا سادہ ہے بیمار ہوئے جس کے سبب
اسی عطار کے لونڈے سے دوا لیتے ہیں
ضمیر فروشی اور مفاد پرستی کا یہ حال ہے کہ جس کسی لیڈر یا اُمید وارسے کچھ ذاتی مفاد یا مال و منفعت کے حصول کا امکان ہوتا ہے ہم اس کا پرچار کرنا، اس کی تائید کرنا اور اس کا دفاع کرنا اپنے دین و ایمان کا سب سے اہم فریضہ تصور کرتے ہیں، خواہ وہ شخص کیسا ہی نااہل ، بددیانت ،مفادپرست ، ابن الوقت اور قوم و ملت کا سودا کرکے اپنا محل تعمیر کرنے والا کیوں نہ ہو۔یقیناً یہ سب کچھ محض جہالت، سادہ لوحی اور نادانی ہی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ بازار سیاست کا یہ ہنگامہ انتخابات ، اور اس ہنگامہ انتخابات میں معرکہ آزمائی کیلئے اترنا یا کسی کو اتارنا ، کسی کو اپنا بیش قیمت ووٹ دینا یا کسی کیلئے عوام کے بیش قیمت ووٹ کا مطالبہ کرنا یہ محض ایک ٹھپّہ نہیں ہے کہ جس کو لگایا اور بھول گئے ، یا صرف ایک جمہوری عمل ہی نہیں ہے بلکہ یہ ووٹ کا دینا یا ووٹ کا مطالبہ کرنا جمہوری عمل سے کئی زیادہ ایک دینی و شرعی ذمہ داری و فریضہ ہے ، اور اس کی اپنی ایک شرعی حیثیت ہے۔
عام طور پر ہم لوگ ووٹ کی طاقت واہمیت اور اس کی شرعی حیثیت سے لاعلمی کی بناء پر اس کو ایسے افراد کے حق میں استعمال کرڈالتے ہیں جو کسی بھی طرح اس کے اہل نہیں ہوتے ہیں ، جس کا خمیازہ ہم لوگ اگلے پانچ سالوں تک اسی دنیا میں بھگتتے رہتے ہیں اور آخرت میں بھی جس کی جواب دہی کرنی پڑے گی۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم ووٹ کی طاقت و اہمیت اور اس کی دینی وشرعی حیثیت کو جان کر اس کا صحیح استعمال کریں۔ ووٹ ایک شہادت اور گواہی ہے ، ووٹ دینے والا اس شخص کے متعلق جس کو وہ اپنا بیش قیمت ووٹ دے رہا ہے اس بات کی شہادت اور گواہی دیتا ہے کہ یہ شخص اس عہدہ کیلئے ہر طرح لائق ہے، اور اس میں اس منصب کی قابلیت موجود ہے۔ اور یہ کہ یہ شخص لیاقت و قابلیت کے ساتھ ساتھ امانت دار و دیانت دار بھی ہے۔ اگر بالفرض وہ نمائندہ اہل نہ ہو ، یا اس میں اس کام کی قابلیت و اہلیت نہ ہو ، یا وہ امانت دار و دیانت دار نہ ہو ، اور ووٹ دینے والا ان تمام باتوں کو جانتے ہوئے بھی اگر اس کو ووٹ دیتا ہے تو گویا وہ جھوٹی شہادت دے رہا ہے ، اور جھوٹی گواہی یا شہادت کی قباحت و شناعت اور شریعت کی نظر میں اس کے گندے اور گھناؤنے ہونے کا اندازہ آپ اس سے لگاسکتے ہیں کہ حضرت محمدؐ نے اس کو شرک کے ساتھ کبیرہ گناہوں میں شامل فرمایا ہے ، اور کبیرہ گناہ وہ ہوتا ہے جس کے مرتکب پر لعنت بھیجی گئی ہو اور اس کو جہنم کے عذاب کی دھمکی دی گئی ہو۔
اسی طرح کسی کیلئے لابنگ کرنا اور کسی کا پرچار و اشتہار کرنا یہ ایک طرح کی سفارش ہے ، اگر کسی کی لابنگ اور پرچارسے کوئی اہل امیدوار کامیاب ہوکر پوری طرح امانت و دیانتداری کے ساتھ اپنے علاقہ اور عوام کی نمائندگی اور ان کی خدمت کا فریضہ انجام دیتا ہے تو انشاء اللہ ایسے شخص کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تگ و دوں کرنے والے افراد اجر سے محروم نہیں رہیں گے۔ لیکن قابل و اہل اور امانت دار و دیانت دار امیدواروں کی موجودگی کے باوجود کسی نا اہل و غیرامانتدار امیدوار کے لئے لابنگ کرنا اور اس کی سفارش اور اشتہار و پرچار کرنا محض ایک جرم ہی نہیں بلکہ بدترین گناہ بھی ہے۔ اگر کسی کی لابنگ سے کوئی نا اہل امیدوار کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ جس قدر رشوت خوری کرے گا ، حرام خوری کرے گا یا کمیشن و دلالی کا مرتکب ہوگا اس کے ان تمام حرام و ناجائز کاموں کے گناہ میں یہ لابنگ کرنے والا بھی برابر شامل ہوگا۔لہٰذاووٹر حضرات کو چاہئے کہ اپنا بیش قیمت ووٹ دینے سے قبل اپنے ووٹ کی طاقت و اہمیت اور اس کی دینی وشرعی حیثیت کو خوب اچھی طرح سمجھ کر کسی کو اپنا ووٹ دیں۔ خود غرضی ، عارضی مفادات ، قرابت و تعلقات ، دوستانہ مراسم یا کسی کی غنڈہ گردی کے ڈر و خوف کی وجہ سے جھوٹی شہادت جیسے حرام اور کبیرہ گناہ کا ارتکاب نہ کریں۔ یہ انتخابی عمل اور اس میں کسی امیدوار کا حصہ لینا محض سیاسی ہارجیت اور دنیاداری کا کھیل نہیں ہے بلکہ جیتنے والے امیدوار کے ہر اچھے برے کاموں کے اجر یا گناہ میںآپ بھی برابر کے شریک ہوں گے۔
qaiserchohan81@gmail.com

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے