Voice of Asia News

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: فواد حسن فواد کے انکشافات چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز طلب

لاہور(وائس آف ایشیا) آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں گرفتار فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد قومی احتساب بیورو نے چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز شہزاد سلیم کو طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد نیب نے چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز شہزاد سلیم کو طلب کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کے بیان کی روشنی میں شہزاد سلیم کو طلب کیا گیا۔ شہزاد سلیم ٹیکسٹائل انڈسٹری کی دنیا میں بڑے بزنس مین مانے جاتے ہیں۔مراسلے کے مطابق شہزاد سلیم کو 13 اگست کو دن ساڑھے 10 بجے بلایا گیا ہے۔ نیب نے شہزاد سلیم کو تمام دستاویزی ثبوت ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد سلیم معروف کاروباری شخصیت میاں منشا کے قریبی عزیز بھی ہیں۔ نشاط چونیاں ملز میاں منشا کی ملکیت ہے۔خیال رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز سنہ 2012 میں ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔

گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پر تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کے لیے قرار داد بھی جمع کروائی تھی۔ہاؤسنگ اسکیم میں بڑے پیمانے میں گھپلوں پر نیب سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور پیرا گون سوسائٹی کے اعلیٰ حکام کو طلب کرچکا ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے