Voice of Asia News

گزشتہ ماہ ترسیلات زر میں 13.5 فیصد اضافہ

کراچی(وائس آف ایشیا)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملک میں تقریباً 4 ارب ڈالر کا ترسیلات زر بھیجا گیا۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ترسیلات زر میں 13.45 فیصد اضافہ ہوا اور ملک میں 3.966 ارب ڈالر کی ترسیل کی گئی۔مرکزی بینک کے مطابق اگست میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2.037 ارب ڈالر کے ترسیلات زر بھیجے گئے، جو رواں مالی سال جولائی سے 5.6 فیصد اور اگست 2017 سے 4.24 فیصد زائد ہے۔برآمدات کے بعد ترسیلات زر کا ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں انتہائی اہم کردار ہے۔مالی سال 18۔2017 کے دوران پاکستان کے ترسیلات زر، برآمدات سے حاصل ہونے والی کْل آمدنی کے برابر تھے۔رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر 31.5 اضافے سے امریکا سے بھیجے گئے جن کی مالیت 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔برطانیہ سے، جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے، ترسیلات زر میں 24 فیصد کا اضافہ ہوا اور جولائی، اگست میں وہاں سے 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات سے ان دو ماہ میں ترسیلات زر 15.4 فیصد اضافے سے 89 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔یورپی ممالک سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں بھی 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور وہاں سے 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔سعودی عرب سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں ایک اعشاریہ 86 فیصد کی کمی ہوئی اور 90 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ترسیل کی گئی۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے