Voice of Asia News

روسی جاسوس کو زہر دینے کا شبہ،دونوں ملزم عام شہری ہیں،صدرپوتین

ولادی واستک (وائس آف ایشیا)روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ برطانیہ کو جن دو افراد پر سابق جاسوس سرگئی سکریپال کوزہر دینے کا شْبہ ہے، وہ دونوں کوئی جرائم پیشہ نہیں بلکہ عام شہری ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وہ روس کے مشرقی شہر ولادی واستک میں جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے اور چینی صدر شی جین پنگ کے ساتھ اقتصادی فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے ان دونوں افراد سے کہا کہ وہ معاملے کی وضاحت کے لیے میڈیا سے گفتگو کریں۔صدر پوتین نے کہاکہ ہم جانتے ہیں، وہ کون ہیں اور ہم نے ان کا پتا چلا لیا ہے۔وہ دونوں درحقیقت عام شہری ہیں۔ وہ برطانوی حکام کے اس دعوے کا جواب دے رہے تھے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سکریپال کے زہر خورانی کے واقعے میں ملوث یہ دونوں مشتبہ افراد روسی ملٹری انٹیلی جنس سے تعلق رکھتے ہیں۔روسی صد ر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ دونوں افراد میڈیا کے سامنے آئیں گے اور اپنے بارے میں سب کچھ بتادیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی بھی خاص چیز نہیں ہے،کوئی مجرمانہ کارفرمائی نہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم یہ سب کچھ مستقبل قریب میں جان لیں گے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے