Voice of Asia News

پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی

اسلام آباد (وائس آف ایشیا)پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں بورڈ کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ تک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان کے لئے شعیب ملک کا نام سامنے آیا ہے ٗشعیب ملک 2009 میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے ٗاس وقت وہ پاکستان ٹیم میں سیاست کے بجائے مکمل طور پر کرکٹ پر فوکس ہیں۔ذمے دار ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے بعد اس تجویز پر عملی جامع پہنانے کیلئے چیئرمین احسان مانی کو قائل کیا جائیگا ٗنائب کپتان کا تقرر خالصتاً چیئرمین کا استحقاق ہے۔ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ تک نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنا ہے ٗاس دوران اگر کسی موقع پر سرفراز احمد ان فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹیم کے پاس نائب کپتان ہونا چاہیے جو ان کی عدم موجودگی میں قیادت کی باگ دوڑ سنبھالے۔ذرائع کے مطابق اس تجویز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس بارے میں سوچ وبچار کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق انضمام الحق مستقل بنیادوں پر نائب کپتان لانے کے حق میں ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے کہ کپتان کے ساتھ بہت کم کھلاڑیوں کو نائب کپتان مقرر کیا جاتا ہے ٗمصباح الحق کے ساتھ طویل عرصے تک کوئی نائب کپتان نہیں تھا۔اس بارے میں احسان مانی کی رائے اور رولنگ اہم ہوگی ٗشعیب ملک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ان کو سرفراز احمد کے ساتھ نائب کپتان بناکرمستقل کپتان پر دباؤ بڑ ھ سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نائب کپتان کے بغیر کئی سالوں سے کپتانی کررہے ہیں ٗاس موقع پر نائب کپتان کی تقرری سرفراز احمد کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے