Voice of Asia News

تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں ردوبدل نہیں کی گئی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(وائس آف ایشیا) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں ردوبدل نہیں کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے گرمیوں میں یوریا کھاد کے پلانٹ کو گیس کی سپلائی روک دی اور  گیس روکنے کے ساتھ یوریا ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی جس سے یوریا کی پیدوار میں کمی ہوئی اور اب ربیع کی فصل کے لیے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنی پڑے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے ملک میں میٹرو منصوبوں کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 3 میٹروپروجیکٹس پر8 ارب روپے سبسڈی کی مد میں خرچ ہوتے ہیں، حکومت پنجاب کو 8 ارب روپے 3 میٹرو بسوں کو رواں رکھنے کیلئے دینا پڑتا ہے جب کہ اسلام آباد میٹرو پر 4.2 ارب روپے کی سبسڈی حکومت دیتی ہے تاہم پشاور کے منصوبے میں سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کا منصوبہ 67 ارب روپے میں مکمل ہوگا اور پشاور میں بسیں خریدی گئی ہیں لیکن لاہور میں میٹرو بسیں کرائے پر دی گئی ہیں تاہم میٹرو سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارت کیڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے جب کہ سی ڈی اے کو وزارت داخلہ کے ماتحت کردیا گیا ہے، سی ڈی اے نے چند دنوں میں ہزاروں کینال زمین واگزار کرائی ہے اب سی ڈی اے کے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا، 34 ہزار 60 کینال زمین کی نشاندہی ہوئی جسے کمرشل استعمال میں لایا جائے گا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں پی ٹی وی کے بورڈ آف گورنرز کی منظوری دی گئی ہے جب کہ ہارون شریف کو چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ بنایا گیا ہے

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے