Voice of Asia News

بیگم کلثوم نوازکی میت جاتی امرا منتقل، تدفین آج

 لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا پہنچا دی گئی ہے جہاں انہیں آج سپرد خاک کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی صبح 6 بج کر 50 منٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہورپہنچا، میت کے ہمراہ شہباز شریف، اسما نواز، داماد عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹوں سمیت خاندان کے 14 افراد بھی آئے ہیں تاہم ان میں مرحومہ کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز شامل نہیں۔ لاہورایئرپورٹ پرپہلے سے موجود حمزہ شہباز، سلمان شہباز اورجنید صفدر نے بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی جس کے بعد میت کو سخت سیکیورٹی حصارمیں شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا پہنچا دیا گیا۔ جہاں صرف شریف خاندان کے افراد ہی موجود ہیں۔

بیگم کلثوم نوازکی نمازجنازہ شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا میں شام 5 بجے مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے، انہیں نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

قبل ازیں سابق خاتون اول کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں نماز جنازہ ادا کی جا چکی ہے جس میں شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، چودھری نثار اوراسحاق ڈار کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نوازگزشتہ برس سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور لندن میں ان کا علاج جاری تھا۔ وہ 11 ستمبر کو خالق حقیقی سے جاملی تھیں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے