Voice of Asia News

شہداء کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا علی گیلانی

سری نگر(وائس آف ایشیا) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے معرکہ کولگام قاضی گنڈ میں شہید ہوئے مجاہدین اور ایک عام شہری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے غیور نوجوان اپنی اُٹھتی جوانیوں اور گرم گرم لہو سے تحریکِ حقِ خودارادیت اور آزادی برائے اسلام کا عنوان رقم کرنے میں کوئی پس وپیش نہیں کررہے ہیں۔ معرکے میں شہید ہوئے مجاہد رؤف احمد گنائی کی یاد میں منعقد ہ تعزیتی اجتماع سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں حریت راہنما نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کئے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کسی کو غداری کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ حریت راہنما نے اپنی مظلوم قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لخت ہائے جگر کے مقدس لہو کی تحریم وتکریم کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں کو ناکام ونامراد بنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں، کیونکہ شہداء کا لہو حرم پاک کے عزت وتکریم سے بھی بڑھ کر ہے۔ حریت راہنما نے اپنی غیور قوم کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1947 ؁ء سے آج تک چھ لاکھ سے زائد انسانی نفوس کو انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا، جبکہ لاکھوں کی تعداد میں بلالحاظ عمر وجنس ہمارے عزیز جوانوں، بزرگوں اور خواتین کو جیل کے آہنی سلاخوں کے اندر قیدوبند کی صعوبتوں میں مبتلا کیا گیا، تعذیب خانوں میں ہماری نوجوان نسل کو جسمانی تشدد اور ناقابل بیان حد تک غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا۔ کھربوں روپئے مالیت کی جائیدادیں تلف کی گئیں، بستیوں کی بستیوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کیا گیا، زراعت اور میوہ باغات کو لاتلافی نقصان پہنچایا گیا، عورت ذات کی عزت اور عصمت کو تار تار کرتے ہوئے اِسے ایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کیا گیا۔حریت راہنما نے آپسی اتحاد واتفاق کو قائم ودائم رکھنے کے لیے تحریک دشمن عناصر کی نت نئی چالوں سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف عوام اور قیادت کی سطح پر صف بندی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ حریت راہنما نے جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریکِ آزادی کا قرض ہم سب پر یکساں ہے اور اس کے تمام تر لوازمات کو پورا کرنا ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے