کراچی، اسکول طالب علم نے چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی، ایس ایس پی

کراچی( وائس آف ایشیا) شہر قائد کے علاقے سمن آباد میں اسکول کی چھت سے بچے کے گرنے کے واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی، ایس ایس پی نے کہا ہے کہ بچے نے اسکول کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سمن آباد میں اسکول کی چھت سے بچے کے گرنے کے واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، ایس ایس پی کے مطابق بچے نے اسکول کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی، بچہ کافی عرصے سے بیمار تھا اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ تھا۔ ایس ایس پی نے کہا ہے کہ بچے نے اسکول کی سیڑھیوں پر بیگ رکھا اور چھت سے چھلانگ لگائی، ہر پہلو سے تفتیش سے معلوم ہوا بچے نے چھلانگ ہی لگائی ہے، اسکول انتظامیہ کو بھی لکھا ہے کہ دیواریں اور اوپر ہونی چاہئیں۔ ایس ایس پی کے مطابق اسکول میں کیمرے نہیں ؒگے تھے اور چھت پر سیکیورٹی گارڈ بھی نہیں تھا، بچے کو اکثر اسکول کے دوسرے طالب علم نے کچرا کنڈی کے پاس اکیلے بیٹھے دیکھا تھا۔ واضح رہے کہ بچے کے والدین نے بتایا تھا کہ حبیب اللہ کی طبی رپورٹس بھی اسکول میں جمع کرائی گئی تھیں، والدہ کا کہنا تھا کہ بچہ خودکشی نہیں کرسکتا اسے اونچائی سے ڈر لگتا تھا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے سمن آباد میں ایک نجی اسکول کی چھت سے 11 سالہ بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں ہی بچے کے گرنے کے واقعے کو خودکشی قرار دیا تھا۔