Voice of Asia News

ملک میں نکلنے والی 48 معدنیات پر ایڈوانس انکم ٹیکس کی تیاری

کراچی ( وائس آف ایشیا) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ماربل، بجری ،گرینائیٹ ،کوئلہ ،کرومائیٹ، ڈولومائیٹ، آئرن، اوور لائم اسٹون، لیٹرائیٹ ،میگنیسائیٹ، سوپ اسٹون سمیت پاکستان میں کان کنی(مائیننگ)سے پیدا ہونے والی 48 معدنیات پرایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آرنے ازخود ان48 معدنیات کی فی ٹن قیمتوں کا تعین کرلیا ہے اورمجوزہ ایڈوانس ٹیکس پر ڈرافٹ ایس آراونمبر1226 جاری کرکے آرا طلب کرلی ہیں۔ ان معدنیات میں سے بیشتر کا تعلق تعمیراتی شعبے سے ہے جن میں ماربل، گرینائیٹ، نمک ،بجری، سلیکا وغیرہ شامل ہیں جبکہ کچھ معدنیات انرجی اور کیمیکل انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔ماربل اونیکس انڈسٹری نے مجوزہ ایڈوانس ٹیکس اور ایف بی آر کی زمینی حقائق کے برعکس قیمت کے تعین پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر نے ماربل بلاکس کی فی ٹن قیمت کاتعین حقیقی قیمت سے400 فیصدزائد 7ہزارروپے کیاہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خیبرپختونخوامیں مائینز میں فی ٹن خام ماربل کی قیمت 900 تا1200روپے جبکہ بلوچستان میں 1200سے2500 روپے ہے۔آل پاکستان ماربل ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثنا اللہ خان نے بتایا کہ ماربل سیکٹرکو ایف بی آر کی ازخود قیمت کے تعین اورمجوزہ ایڈوانس ٹیکس پر تحفظات ہیں کیونکہ ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ سے ماربل سمیت دیگر معدنیات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماربل سیکٹرسے لاکھوں غیرہنرمند اور ناخواندہ افراد کا روزگار وابستہ ہے جو ماربل کی صنعتوں کی ممکنہ بندش سے بے روزگار ہوجائیں گے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے