Voice of Asia News

آسٹریلیا کو 373رنز سے شکست پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی

ابوظہبی(وائس آف ایشیا) پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373رنز سے شکست د ے کر 2ٹیسٹ میچز کی سیریز 1۔0سے اپنے نام کرلی ہے۔ابوظہبی ٹیسٹ میں چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرویس ہیڈ کو36 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا اور پھر مچل مارش 5رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پویلین واپس بھیجا، اس کے بعد انہوں نے کینگرواوپنر ایرون فنچ کو31رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور پھر آسٹریلیوی کپتان ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں میں آنے والی گیند کو چھوڑنے کے نتیجے میں بولڈ ہوکر پوویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 4 شکار کیے جب کہ میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل گزشتہ روز کے سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم 6 رنز بعد ہی سابق کپتان اظہر علی مضحکہ خیز طریقے سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا لیکن اسد شفیق بھی 235 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 500 رنز تک پہنچا دیا۔دریں اثنا بابر اعظم اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور مچل مارش کی گیند پر 99 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک 13 ٹیسٹ میچ کھیلے چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 نصف سنچریاں سکور کیں تاہم سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں فخر زمان اور سرفراز احمد نے 94، 94 رنز سکور کیے تھے۔پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے دن 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو آ?ٹ کرکے ان کی اننگز 145 رنز پر تمام کردی تھی۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ میچ میں دوسری مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 6 رنز بنانے کے بعد 15 کے مجموعے پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔حفیظ کے بعد اظہر علی اور فخرزمان نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے چیلنج کو قبول کیا اور ٹیم کا سکور 106 رنز تک پہنچایا جہاں فخر زمان 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے۔میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے تھے اور انہیں 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے