Voice of Asia News

امرتسر ٹرین حادثہ،ہلاکتوں کی تعداد80 اور،100سے زائد زخمی،عمران خان کا اظہار افسوس

نئی دہلی/اسلام آباد(وائس آف ایشیا ) بھارتی شہر امرتسر میں ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے مزید افراد چل بسے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد80ہو گئی ہے جبکہ 100سے زائد زخمی زیر علاج ہیں ،وزیر اعظم عمران خان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بھارتی شہر امرتسر کے قریب ٹرین حادثے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں سے مزید20افراد چل بسے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد80ہو گئی ہے جبکہ 100سے زائد افراد زیر علاج ہیں ۔بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لئے فی کس دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ٹرین حادثہ دسہرہ کے تہوار کے موقع پر پیش آیا ،لوگ ٹرین کی پٹری پر بیٹھے آتش بازی دیکھ رہے تھے، شور کی وجہ سے لوگ ٹرین کی آواز نہ سکے اور اس کی ذد میں آگئے۔امرتسر پولیس کمشنر شری واستو نے بتایا کہ حادثے میں 80ہلاک ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ امرتسر اور ماناوالا کے درمیان 27 نمبر جودھا ریلوے پھاٹک پرپیش آیا، حادثے کے وقت کئی سو افراد ریلوے ٹریک کے قریب دسہرے کے جشن میں شریک تھے اور راون کے پتلے کو جلتا دیکھ رہے تھے کہ لوکل ٹرین نے ریلوے لائن پر کھڑے افراد کو کچل دیا۔ریلوے حکام کے حوالے سے ایک بھارتی چینل نے کہا کہ مخالف سمت سے 2 ٹرینیں ایک ہی وقت میں آنے کی وجہ سے لوگوں کو بھاگ کر جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا۔انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق عینی شاہدین نے حادثے کا ذمہ دار انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی آمد سے متعلق کوئی الارم نہیں بجایا گیا، جائے حادثہ پر 700 سے زائد افراد موجود تھے۔پنجاب کے وزیر اعلی امرندر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کی از خود نگرانی کرنے کے لیے فوری طور پر امرتسر پہنچ گئے ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میری حکومت کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے دیے جائیں جبکہ زخمیوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے امرتسر حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو بروقت امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ٹوئٹ کیا کہ امرتسر میں ریلوے ٹریک پر حادثے کا سن کر دھچکا لگا، ریلوے اور مقامی حکام متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ حادثے سے متعلق وزیر داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پولیس سے بات کی ہے، وہ جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں، اس غم کی گھڑی میں مرکزی حکومت ریاست کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے اپنے ٹوئٹ میں امرتسر میں حادثے کی مذمت کی اور علاقے میں موجود تمام رضاکاروں کو امدادی کارروائیوں میں حکام کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ پنجاب میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں 80افراد کی ہلاکت افسوس ناک ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت اور کانگریس اراکین کو متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے شہر امرتسر میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پراظہارافسوس اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں خطرناک ٹرین حادثے کا سن کر بہت افسوس ہوا، لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے