Voice of Asia News

شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز

سرینگر(وائس آف ایشیا)مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور یہ بیش بہا قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ دنیا بھر کے ایوانوں میں اس وقت تنازعہ کشمیر کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڈگام اور ہندواڑہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں محمد امین میر، مختار احمد اورنصیر احمد کو شاندرا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام بھارتی حکومت کے غیر حقیقت پسندانہ رویے کا شاخسانہ ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے باعث ہی تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا اس تنازے کے حل پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تحقیقاتی اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسٹی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کشمیری حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، آسیہ اندرابی ، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال ،نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، ناہیدہ نسرین ، فہمیدہ صوفی کے علاوہ سید شاہد یوسف ، ظہور احمد وٹالی اور دیگر کو بے بنیاد او رجھوٹے مقدمات میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند کر رکھا ہے۔مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کو مقررہ تاریخوں پر عدالتوں میں پیش نہ کر کے اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے ۔ انہو ں نے نظر بندو ں کے ساتھ جیل انتظامیہ کے سلوک کوافسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب نظر بندوں کے اہلخانہ انکے ساتھ ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو جیل انتظامیہ انہیں ملاقات کرانے سے ٹال مٹول سے کام لیتی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں بڈگام اور ہندواڑہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی چیئرمین شبیر احمد ڈار کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ شبیر احمد ڈار کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے جو انتقامی کارروائی کے سوا کچھ نہیں ۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں بڈگام اور ہندواڑہ میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں مسلم لیگ کے ایک وفد نے براسو آرِزال بڈگام جاکر شہید مختار احمد خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ منظور احمد للہاری کی قیادت میں ایک اور وفد نے درنگہ بل پانپور جا کر محمد امین میر شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔تحریک مزاحمت نے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقید ت پیش کیا ہے۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی کی قیادت میں پارٹی کا ایک وفد شہید شوکت احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہنڈورہ ترال گیا۔وفدمیں بلال صدیقی کے علاوہ شیخ مصعیب ، ریاض احمد اور محمد رفیق تھے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے