Voice of Asia News

سرفراز کو ورلڈ کپ تک کیلئے قیادت دینے کا باضابطہ اعلان کردینا چاہئے :مصباح الحق

لاہور( وائس آف ایشیا) سابق قومی کپتان مصباح الحق بھی موجودہ قائد سرفراز احمد کی حمایت کیلئے کمر بستہ ہو گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے متعلق تو بات چیت کی بھی ضرورت نہیں ہے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ عالمی کپ 2019 ء تک سرفراز احمد کو قیادت دینے کا باضابطہ اعلان کردے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا مطلب یہ نہیں کہ کپتانی میں تبدیلی کی باتیں شروع کردی جائیں کیونکہ وہ محض ایک ٹورنامنٹ تھا جس کا وقت گزر گیا۔پاکستان کے سب سے کامیاب قائد کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے ابھی تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستانی ٹیم کی کارکردگی تسلسل کے ساتھ بہت عمدہ رہی ہے جسے معمولی نہیں کہا جا سکتا کیونکہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔واضح رہے کہ ایشیائکپ میں بھارت کیخلاف یکے بعد دیگرے دو میچوں میں اور پھر بنگلہ دیش کیخلاف اہم معرکے میں ناکامی نے سرفراز احمد پر تنقید کا در کھول دیا تھا اور ان کے ناقدین کا یہ جواز تھا کہ قومی ٹیم آئندہ برس ورلڈ کپ میں کیا کرے گی جب ون ڈے میچوں میں اس کا یہ حال ہے جبکہ سرفراز احمد کی تینوں فارمیٹس میں کپتانی کو ان کیلئے بوجھ اور کارکردگی متاثر ہونے کا باعث بھی کہا جانے لگا تھا لیکن مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے اور کسی ایونٹ میں بعض اوقات ایسے منفی نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کی یہ خواہش ہے کہ سرفراز احمد کو عالمی کپ تک کیلئے قیادت دے کر ان کے اعتماد میں اضافہ کیا جائے جس کے ٹیم پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال کرکٹ کے بڑے بڑے ماہرین کی پیشن گوئیوں کے بر عکس چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ گزشتہ دو سال سے گرین شرٹس ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو وائٹ واش کرچکی ہے۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے