Voice of Asia News

میجر محمد اکرم شہید کا47 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

کراچی( وائس آف ایشیا ) 1971 کے پاک بھارت معرکہ کے ہیرو اور نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید کا 47 واں یوم شہادت بدھ کو منایا گیا، انہیں جرات و بہادری کی اعلی مثال قائم کرنے پر نشان حیدر عطا کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہید میجر محمد اکرم 4 اپریل 1938 کو ڈنگہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے تھے، ابتداء میں وہ نان کمیشنڈ عہدے کے لئے منتخب ہوئے مگر پھر خصوصی امتحانات پاس کرنے اور ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 1963 میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ پاکستان آرمی کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے وابستہ ہوئے۔1965 میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی ملی ، انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں ظفر وال سیکٹر میں خدمات انجام دیں جبکہ 1970 میں میجر کے عہدے پر تقرر کیا گیا۔میجر محمد اکرم شہید کا شمار پاک فوج کے ان ہی جانباز افسروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان قربان کردی ۔1971کی جنگ میں ان کی لازوال بہادری و شجاعت پر دشمن بھی داد دیے بغیر نہیں رہ سکا۔ 1971کی جنگ میں مشرقی پاکستان کے علاقے ہلی کے محاذ پر میجر محمد اکرم نے اپنی فرنٹیئر فورس کی کمانڈ میں مسلسل پانچ دن اور پانچ راتیں اپنے سے کئی گنا زیادہ بھارتی فوج کی پیش قدمی روک کر دشمن کے اوسان خطا کر دیئے۔میجر محمد اکرم نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے 5دسمبر 1971کو جام شہادت نوش کیا۔میجر اکرم کو ہیرو آف ہلی کے نام سے شہرت ملی۔ شہید کو اعلی ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے