Voice of Asia News

کشمیر میں نئی دہلی کے ایجنٹ سبھی طاقتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے

سری نگر( وائس آف ایشیا)عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے اس بیان کی حمایت کی ہے جس میں عمر عبداللہ نے آنے والے انتخابات میں منقسم منڈیٹ کے بجائے فیصلہ کن منڈیٹ دینے کی عوام سے اپیل کی ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ لوگوں کو ان سبھی طاقتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے جونئی دہلی کے ایجنٹ بن کر مختلف طریقوں سے مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو کمزور کرتے ہیں،خاندانی راج کو مضبوط کرتے ہیں اور وی آئی پی کلچر و رشوت خوری کو بڑھاوا دیتے آرہے ہیں۔ہندوارہ میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمر عبداللہ کو حق ہے کہ وہ لوگوں سے اپنی پارٹی کیلئے فیصلہ کن منڈیٹ مانگیں لیکن انکی یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ جو واضح منڈیٹ انہیں اس سے پہلے،بالخصوص 1996میں ملا تھا اسکا انہوں نے کیا کیا اور اس سے لوگوں کو کیا حاصل ہوا۔اے آئی پی سربراہ نے کہا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ اقتدار کے ایوانوں تک کون پہنچ پاتا ہے بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا مستقبل قریب میں لوگوں کے مشکلات اور مصائب کے خاتمہ کی کوئی سبیل بھی ہے کہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ امر واقعہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ اسمبلی سیٹوں کیلئے کوششوں سے زیادہ ضروری مسئلہ کشمیر کا حل ہے جس کی وجہ سے ریاستی عوام کی زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ مین اسٹریم ( بھارت نواز)پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ کشمیری عوام کوبار بار بیوقوف بنانے کی کوشش کرنا بند کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان طاقتوں کیلئے ووٹ کرنا چاہئے ،جن کے ہاتھ بے داغ ہوں اور جو کشمیر میں نئی دلی کی ترجمانی نہیں کرتے ہوں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے