Voice of Asia News

مسلہ کشمیر کا واحد حل یہ ہے کہ کشمیر میں بات چیت کا دروازہ کھولا جانا چاہئے

سری نگر( وائس آف ایشیا)سابق بھارتی وزیر اورکانگریسی رہنما پروفیسر سیف الدین سوز نے ناروے کی وزیر اعظم اِرنا سولبرگ کی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دائمی دوستی اور کشمیر کے تنازعہ کو طاقت (Force)کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی وکالت کا خیر مقدم کیا ہے۔سوز نے کہاکہ اِرنا سولبرگ نے واشگاف الفاظ میں ہندوستان کو سمجھایا ہے کہ کشمیر میں زیادہ طاقت کے استعمال سے تشدد مزید بھڑک سکتا ہے او ر اس مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ کشمیر میں بات چیت کا دروازہ کھولا جانا چاہئے اور کشمیر کی لیڈر شپ کے ساتھ مذاکرات شروع کئے جانے چاہیں۔ اس سلسلے میں ارنا سولبرگ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مذاکرات میں عورتوں اور نوجوانوں کے ساتھ بھی بات چیت ہونی چاہئے۔اس سے قبل ناروے کے سابق وزیر اعظم کیجل میگنے بونڈوک (Kjell Magne Bondovik جس نے حالیہ دنوں میں کشمیر کا دورہ کیا تھا، نے بھی مذاکرات کے ذریعے ہی کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی زور دار وکالت کی تھی۔ چونکہ ناروے کشمیر میں مذاکرات شروع کرنے کے سلسلے میں بہت سنجیدہ ہے ، اس لئے ا س رائے کا بین الاقوامی سطح پر خیر مقدم ہوگا کیونکہ ناروے کے ایسے خیالات کا پوری دنیا میں احترام کیا جاتا ہے۔ امید کرنی چاہئے کہ ناروے کی اس سوچ کا ہندوستان اور پاکستان کی سول سوسائٹی بھی خیر مقدم کرے گی اور ماحول پر خوشگوار اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جو لوگ طاقت کے ذریعے امن بحال کرنا چاہتے ہیں ، وہ اپنی سوچ بدلنے پر مجبور ہوں گے اور مذاکرات کا دروازہ کھل جائے گا۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے