Voice of Asia News

نئے گج ڈیم تعمیر کیس: وزیرخزانہ، وزیر توانائی اور سیکرٹری کابینہ طلب

اسلام آباد( وائس آف ایشیا ) سپریم کورٹ نے نئے گج ڈیم کی تعمیر کیس میں وزیرخزانہ ، وزیر توانائی اور سیکرٹری کابینہ کو طلب کرلیا جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ خواہش تھی کہ گج ڈیم کی تعمیر کا معاملہ حل کرکے جاؤں مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔جمعہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی۔جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی سمیت دیگر فریقین پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ میں ڈیم کی تعمیرکی سفارش ایکنک کو کر دی گئی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جا کر پھنس جائے گا، خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ کا ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔عدالت عظمی نے حکم دیا کہ آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس عدالت میں پیش کیے جائیں۔سپریم کورٹ نے وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر خزانہ اسد عمر اور سیکریٹری کابینہ کو منگل کے روز طلب کر تے ہوئے سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے