Voice of Asia News

محمد مقبول بٹ اور محمدافضل گورو کی برسی پر9 اور11فروری کو ہڑتال ہو گی

سری نگر( وائس آف ایشیا) شہید کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کی برسی پر 11فروری اورمحمدافضل گورو کی برسی پر9 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف مکمل ہڑتال ہو گی احتجاج کیا جائے گا یوم سیاہ منایا جائے گا۔ محمد مقبول بٹ کو11فروری1984 کو جبکہ محمدافضل گورو کو9 فروری2013 کو تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی ان کی باقیات بھی کشمیریون کو واپس نہیں کی گئیں۔ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی نے لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کی 35ویں برسی کی مناسبت سے ہفتہ بھر خصوصی پروگراموں کا اہتمام کررہی ہے ۔ اس ضمن ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی کے مرکزی دفتر پر ایک اجلاس پارٹی چیئرمین ہاشم قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام مرکزی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کرکے محمد مقبول بٹ کو عقیدت کے پھول نچھاور کرکے انکے خودمختار کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا۔موصولہ بیان کے مطابق 5 فروری کو پارٹی کے مرکزی دفتر پر دعائیہ مجلس کا ہتمام کیا گیا۔ 6 فروری کو پلوامہ، گاندربل اور اسلام آباد میں ضلعی دفاتر پر تعزیتی مجالس منعقد ہونگی۔7 فروری کو بارہمولہ ، کپوڑاہ اور بڈگام میں پارٹی دفتروں پر قرآن خوانی ہوگی۔9 فروری کومحمدافضل گورو کو پھانسی پر چڑھانے کے لئے ہر سطح پر مذمت کی جائے گی۔10فروری کو محمد مقبول بٹ کی یاد میں ایک مقامی ہوٹل میں سمینار منعقد ہوگا اورقیدیوں کی رہائی کے لئے مطالبہ کیا جائیگا اور 11فروری کو پارٹی کے کارکن سزائے موت کے خلاف اپنا احتجاج درج کریں گے۔بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ 11فروری کو یوم سیاہ کے طور منائیں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے