Voice of Asia News

احسان مانی کے گھر کی تزئین و آرائش پی سی بی کو 22 لاکھ روپے کی پڑیگی

لاہور(وائس آف ایشیا) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے سربراہ احسان مانی کو گھر کی تزئین و آرائش کے لئے 22لاکھ روپے کی خطیر رقم پی سی بی کے خزانے سے دی جائیگی،گورننگ بورڈ نے اخراجات کی منظوری دیدی۔ 73سالہ احسان مانی نے 4 ستمبر 2018ء کو باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج لیا تھا،احسان مانی 26 سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں اور اس لئے ان کے پاس پاکستان میں کوئی گھر نہیں ہے جس کے باعث پی سی بی نے رہائش کے لئے ان کو لاہور کے ایک پوش علاقے میں 2 لاکھ روپے ماہانہ پر ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا ہے، اب احسان مانی نے پی سی بی کے خزانے سے اس فلیٹ کی تزئین و آرائش کے لئے 22 لاکھ روپے دینے کی باقاعدہ منظوری پی سی بی گورننگ بورڈ کے 52 ویں اجلاس میں لی ہے۔یاد رہے کہ احسان مانی ستمبر2018ء4 میں آئندہ تین سال کیلئے بلا مقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔احسان مانی اس سے قبل آئی سی سی کے صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داری نبھا چکے ہیں،انہوں نے 1989ء سے لے کر 1996 ء تک انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں پی سی بی کے نمائندے کی حیثیت سے کام کیا ،1996ء اور 1999ء کے ورلڈ کپ کی ایڈوائزری کمیٹی میں شامل تھے، 1996ء میں وہ آئی سی سی کی مارکیٹنگ اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے اور 2002ء تک اس عہدہ پر فائز رہے، اس کے بعد وہ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے اور کئی کمیٹیوں میں بھی شامل ہوئے ،وہ 2003ء سے لے کر 2006ء تک آئی سی سی کے صدر بھی رہے ،وہ راولپنڈی میں 29مارچ 1945ء کو پیدا ہوئے ،وہ کلب اور کالج کی سطح پر کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے