Voice of Asia News

راشد لطیف نے بابر اعظم کو مستقبل کا بڑا بیٹسمین قرار دے دیا

کراچی(وائس آف ایشیا)سابق قومی کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم کو مستقبل کا بڑا پاکستانی بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان کی طرح ورلڈ کلاس پلیئر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ ان میں اس مقام تک پہنچنے کی اہلیت واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔راشد لطیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستانی ٹیم کو تینوں طرز کی کرکٹ میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا تاہم اسی دوران بابر اعظم واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ماہرین کی جانب سے بھی داد سمیٹی۔نوجوان پاکستانی بیٹسمین نے ٹیسٹ سیریز میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 221 رنز بنائے اور ون ڈے سیریز میں بھی ایک نصف سنچری کی مدد سے 195 جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی 151 رنز اسکور کئے جس میں ان کی ایک نصف سنچری شامل تھی۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم گزشتہ برس سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں جب انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا تھا لیکن جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز ک بعد انہیں پہلی مرتبہ یہ محسوس ہوا کہ ان میں ورلڈ کلاس پلیئر بننے والی تمام تر خصوصیات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم نے آنے والے عرصے میں بھی اپنے کھیل کا معیار اسی طرح قائم رکھا تو وہ باآسانی انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان جیسے بلند قامت بیٹسمینوں کی صف میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے