Voice of Asia News

مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہورہی ہے

لاہور ( وائس آف ایشیا) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مہنگائی کا سونامی آئے گا جس سے عوام کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے،قوت خرید ختم ہو نے کی وجہ سے ہرطرح کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر طارق فیروز،سینئر نائب صدر ملک ناظم ،سیکرٹری فنانس نعیم بادشاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے تاجر برادری شدید مشکلات سے دوچار ہے اور ایسے حالات میں کاروبار کرنا محال ہو گیا ہے ۔ حکومت جس پالیسی کا اعلان کرتی ہے ادارے اس پر عملدرآمدکی بجائے اس کے برعکس چلتے ہیں ،وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے ریو نیو کی جانب سے ایف بی آر کے چھاپے روکنے کے واضح اعلان کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے جو حکومتی پالیسی پر عملدرآمدنہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق حالیہ چند ماہ میں خریداری کے رجحان میں 40سے 50فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات مزیدبڑھ جائیں گی ۔مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات اور یوٹیلٹی بلز میں عائد کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے