Voice of Asia News

بھارتی ٹیم کیخلاف کارروائی کیلئے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ

کراچی (وائس آف ایشیا ) پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی سے فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔احسان مانی کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ون ڈے میں فوجی کیپس پہن کر اوچھی حرکت سے دنیا بھر میں اپنی ساکھ کو خراب کیا۔ اس معاملے کو آئی سی سی کے سامنے اٹھایا ہے،بی سی سی آئی کی نامناسب حرکات پر آئی سی سی کو ایک خط لکھ چکے اور دوسرا لکھ رہے ہیں۔ گزشتہ رو ز نیشنل سٹیڈیم پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئندہ بارہ گھنٹوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک مرتبہ پھر مراسلہ بھیج رہے ہیں جس میں کرکٹ کے عالمی نگران ادارے سے بھارت کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کریں گے۔ احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کو شامل کرنا افسوسناک صورتحال ہے ،اس لئے آئی سی سی کو اس معاملے کو نظر انداز کرنے کے بجائے بھارتی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے کیونکہ دنیا بھر میں بھارت کی اس حرکت کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا ہے۔پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سکیورٹی ماہرین کو بلانے کا مقصد انہیں یہاں کی سکیورٹی پر بریف کرنا ہے۔ پی سی بی سربراہ کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں آسٹریلیا ، انگلینڈ سمیت دیگر بورڈز کے آفیشلز کو مدعو کیا گیا ہے اور وہ جب ٹورنامنٹ کے انتظامات دیکھیں گے تو دنیا کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے مسائل نہیں اور یہ ایک پر امن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر دنیائے کرکٹ کو پیغام دے دیا کہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈ ز کو چاہئے کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے مدد کریں۔ احسان مانی کے مطابق وہ امید ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ،جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز میں بڑی تعداد میں شائقین کا آنا خوش آئند ہے جس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک پیار کرتی ہے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •