Voice of Asia News

بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں: کپتان تمیم اقبال

کرائسٹ چرچ(وائس آف ایشیا) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کے واقعے میں بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم بال بال بچ گئی۔ کپتان تمیم اقبال کا کہنا بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں۔ فائرنگ کے وقت بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد میں موجود تھی، کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ واقعے کے فوراً بعد کپتان تمیم اقبال نے اپنے ٹویٹ میں کہا ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفیق الرحمان کا ٹویٹ میں کہنا تھا ہم بہت خوش قسمت رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ایسا دوبارہ ہو۔ بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے بھی تمام کھلاڑیوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کل ہونیوالا تیسرا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔اد رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا مسجد پر فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی ہے۔

image_pdfimage_print