Voice of Asia News

برآمدات میں اضافہ کئے بغیر معیشت کو پاؤ ں پر کھڑا نہیں کیا جا سکتا ‘ عبد الرزاق داؤد

لاہور( وائس آف ایشیا )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سر ما یہ کا ری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاک چین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے معاملہ پر بات چیت جاری ہے اور اس سلسلہ میں سیکرٹری تجارت جلد چین کا دورہ کریں گے، انڈسٹریلائزیشن کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، نئی ٹریڈ پالیسی پر بھی کام جاری ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا،کاروباری برادری نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے بلکہ اپنی مصنوعات کیلئے دنیا کی نئی منڈیو ں تک رسائی کیلئے اقدامات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمامامریکہ، چین اور انڈونیشیا میں تجارت کے مواقع کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ ،ڈائریکٹر جنرل ٹڈیپ میاں ریاض احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سیمینار میں مختلف چیمبر زآف کامرس کے صدور،فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن، سرجیکل ایسوسی ایشن، کاٹن پاورلومز ایسوسی ایشن، ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن، شوگر ایکسپورٹ ایسوسی ایشن، ایس ایم ای سیکٹرز سمیت دیگر کاروباری تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاک چین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے سلسلہ میں چیمبر زآف کامرس‘ ٹریڈ ایسوسی ایشنز سمیت دیگر اداروں سے تجاویز لی جا رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس معاہدے میں ہماری پوزیشن بہتر ہو ۔ پاک چین ایف ٹی اے کے سلسلہ میں سیکرٹری تجارت جلد چین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کئے بغیر معیشت کو پاؤ ں پر کھڑا نہیں کیا جا سکتا اور اسی لئے حکومت اس پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔معیشت میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی غرض سے تمام کاروباری برادری کو مشاورت کیلئے بلایا گیا ہے تاکہ بزنس کمیونٹی سے حتمی تجاویز لی جائیں۔ کل (پیر) کے روز کراچی میں سیمینار منعقد ہوگا جہاں پر چیمبر آف کامرس اور تاجروں و صنعتکاروں سے بھی تجاویز لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم پالیسیوں سے ہی بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ، ملک میں سپیشل اکنامک زونزبنائے جارہے ہیں،بن قاسم زون میں چار فیکٹریاں زیر تعمیر ہیں،جلد ٹیرف پالیسی بھی کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی ۔اس موقع پر سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے امریکہ،چین اورانڈونیشیا میں تجارت کے مواقعوں اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے تفصیلی سے آگاہ کیا۔ سیمینار میں مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے درپیش مسائل اور اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے