Voice of Asia News

موبائل فون کی رجسٹریشن بغیر انٹرنیٹ کے ممکن ہو گی،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (وائس آف ایشیا) موبائل فون رجسٹریشن سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا جس کے تحت موبائل فونز کی رجسٹریشن بغیر انٹرنیٹ بھی ممکن ہو گی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل فون رجسٹریشن کے لیے یو ایس ایس ڈی نظام لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یو ایس ایس ڈی نظام سے ایس ایم ایس کے ذریعے موبائل فونز کی رجسٹریشن ہو سکے گی۔اس نئے نظام کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور موبائل آپریٹرز کے معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔ ذرائع پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق نیا نظام ایک سے دو ماہ کے دوران لاگو کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بیرون ملک سے لائے جانے والے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے پہلے ائیرپورٹس پر کاؤنٹرز بنائے گئے تھے جس کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گذشتہ ماہ موبائل فونز کی آن لائن رجسٹریشن کے نظام کا اجرا کیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر کسٹم کی جانب سے بنائے گئے موبائل رجسٹریشن کاؤنٹرز ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والے موبائل فون متعلقہ شہروں میں موجود موبائل کمپنیوں کے دفاتر میں لے جا کر پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر ہی رجسٹرڈ ہوتے تھے۔ تاہم اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے انٹرنیٹ کے بغیر موبائل فونز کی رجسٹریشن کروانے کا نظام لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔یاد رہے کہ الیکٹرانک ڈیوائسز بالخصوص مہنگے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس عائد کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد کیے گئے ٹیکسز کی شرح جاری کی گئی تھی۔ جس کے مطابق ایک سال میں ایک شہری کو بیرون ممالک سے 5 موبائل فونز منگوانے کی اجازت ہے جن میں سے ایک کو چھوڑ کر باقی 4 موبائل فونز پر 4 ہزار سے لے کر 83 ہزار روپے تک ٹیکس عائد کیا گیا ہے.۔

image_pdfimage_print