Voice of Asia News

مقبوضہ کشمیر‘بھارتی فوجیوں کی طرف سے متعدد افراد پر تشدد اور دکانوں کی لوٹ مار

سرینگر(وائس آف ایشیا)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد قصبے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دکانوں سے لوٹ مار کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے بلا اشتعال طورپرشیر پورہ میں راہگیروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دکانوں میں لوٹ کی ۔ فوجیوں کے تشدد سے ایک مقامی شہری عامر گنائی زخمی ہو گیا۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں شروع کیں۔ فوجیوں نے کولگام کے علاقے بوگام میں تلاشی کی پر تشدد کارروائی شروع کی اور علاقے کے تمام داخلی اور خارجی مقامات کی ناکہ بندی کر دی جبکہ ضلع کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں مسلسل چھٹے روز بھی تلاشی کی کارروائی جاری رہی ۔ تاہم ضلع کے مختلف علاقوں میں نافذ کرفیو میں ایک گھنٹے کی نرمی کی گئی ۔ادھر بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ضلع پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں چھاپہ مار کرایک عام شہری ارشاد احمد کو گرفتارکرلیا۔

image_pdfimage_print