Voice of Asia News

ورلڈ کپ ٹرافی پر قبضہ خود پر اعتماد اور بے خوف کرکٹ سے ممکن ہے :معین خان

لاہور( وائس آف ایشیا )سابق قومی کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم عالمی کپ جیتنا چاہتی ہے تو اسے خود پر اعتماد کرتے ہوئے بے خوف کرکٹ کھیلنا ہوگی۔رواں سال پاکستانی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی کچھ زیادہ اچھی نہیں رہی جسے جنوبی افریقہ کے خلاف 3-2اور آسٹریلیا کے ہاتھوں5-0 سے کلین سویپ ناکامی کا سامنا رہا تاہم ون ڈے میچوں میں ناقص کارکردگی کے باوجود سابق قومی وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کو محسوس ہوتا ہے کہ اگر گرین شرٹس ورلڈ کپ کے دوران بھرپور اعتماد کے ساتھ بے خوف کرکٹ کھیلنے میں کامیاب رہے تو انہیں ٹائٹل فتح بھی مل سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی بھی حریف کے سامنے خوف کا شکار نہ ہوں جبکہ خود پر بھروسہ ان کیلئے کامیابی کی کنجی ثابت ہوگا تاہم انہیں ہر میچ کا آغاز اس اعتماد کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہوگی کہ وہ اس معرکے میں فتحیاب ہو سکتے ہیں اور پھر یقینی طور پر وہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی رہیں گے۔معین خان نے ہر میچ میں اپنا حوصلہ بلند رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ سرفراز احمد کو ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہی بیٹنگ کرنی چاہئے جو کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں لیکن ان کا بیٹنگ آرڈر میں اوپر یا نیچے آنا صورتحال کے مطابق ہی ہونا چاہئے۔معین خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک اچھے کپتان کی حیثیت سے کچھ بھی کر سکتے ہیں لہذا انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھیلنے کا ارادہ ظاہر کرنے کے بجائے یہ فیصلہ حالات کے مطابق ہی کرنا چاہئے۔

image_pdfimage_print