Voice of Asia News

کچھ قوتوں کو سی پیک کا منصوبہ کھٹکتا ہے ، جو کر نا ہے کرلو ، شاہ محمود قریشی

 
اسلام آباد ( وائس آف ایشیا) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ قوتوں کو سی پیک کا منصوبہ کھٹکتا ہے ،ان قوتوں کو کہنا چاہتا ہوں جو کر نا ہے کرلو ، پاکستان کی قوم اور پارلیمنٹ سی پیک پر کوئی سودے بازی نہیں ہونے دینگی،جسے رکاوٹیں ڈالنی ہے وہ ڈالے جس طرح نیوکلیئر پروگرام پر عمل ہوا اسی طرح سی پیک پر عمل ہوگا ،68کروڑ ملین بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے مقرر کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی مخلص ہے تو بل میں تعاون کرے ۔پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گوادر اور سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، پوری قوم سی پیک پر متفق ہے اور قوم سمجھتی ہے کہ اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے علاقائی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور نئی راہیں کھلیں گی۔ اس سے توانائی کا جو کارویڈور بنے گا اس سے پورے خطے کی ترقی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے محافظ اور پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سیکیورٹی چیلنجز سے آگاہ تھے اس لئے سی پیک کے حوالے سے خصوصی ڈویژن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، انشاء اﷲ دشمن کو شکست ہوگی اور پاکستان معاشی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتوں کو سی پیک کا منصوبہ کھٹکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں اس خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں ،میں ان قوتوں کو کہنا چاہتا ہوں جو جو کرنا ہے کرلو ،پاکستان کی قوم اور پارلیمنٹ سی پیک پر کوئی سودے بازی نہیں ہو نے دیگی ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک ملکی مفاد کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں پاکستان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتیں،ان قوتوں کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان سی پیک پر متفق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جسے رکاوٹیں ڈالنی ہیں وہ ڈالے لیکن جس طرح نیوکلیئر پروگرام پر عمل ہوا اسی طرح سی پیک پر عمل ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا،پیپلزپارٹی کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارا جنوبی پنجاب پر ساتھ دے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فارن منسٹرز چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ ہم نے جنوبی پنجاب صوبہ کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ میر بلخ شیر مزاری صاحب نے نصراﷲ دریشک صاحب نے صوبہ محاذ کو ہماری تحریک میں ضم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تین معزز ممبران ساؤتھ پنجاب نے بل پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پیپلز پارٹی کو آن فلور آف دی ہاؤس دعوت دی ہے کہ اگر وہ مخلص ہیں تو ہمارے ساتھ اس بل میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہاکہ 68کروڑ ملین اس بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے مقرر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں ان تینوں معزز ممبران مخدوم سمیع گیلانی، سردار نصراﷲ دریشک، مخدوم ظہور قریشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وائس آف ایشیا13مئی2019 خبر نمبر124

image_pdfimage_print