Voice of Asia News

نوجوانوں کا صحت مند جسم اور دل و دماغ کیلئے کھیلوں میں حصہ لینا لازم ہے

راولپنڈی (وائس آف ایشیا) صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس، لیگی ،سیاسی و سماجی راہنما ء ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا صحت مند جسم اور دل و دماغ کے لیے کھیلوں میں حصہ لینا لازم ہے،جدید دور میں انٹر نیٹ و دیگر سہولیات کی موجودگی میں نوجوانوں کا صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیو ں میں حصہ لینا خوش آئند ہے ، نوجوانوں نے ہی اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنا ہے اس لئے انہیں چاہئے کہ وہ حصول علم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی زون باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں’’ مسٹر راولپنڈی اور جونیئر مسٹر راولپنڈی 2017 ء ‘‘مقابلوں کے سلسلے میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری دانیال تنویر نے کہا کہ مقابلوں میں بڑی تعداد میں نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت لائق تحسین ہے، نوجوان باڈی بلڈرز کے موجودہ جوش و خروش اور دلچسپی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیئے کہ وہ بچوں کو کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے پر آمادہ کریں تاکہ وہ صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لے کر معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔مقابلوں میں شہریار علی شاہ نے ’’مسٹر راولپنڈی ‘‘کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ نے ’’جونیئر مسٹر راولپنڈی ‘‘کا اعزاز سفیان قریشی حاصل کر لیا۔ ان مقابلوں میں راولپنڈی کے 25 جمز کے 88 کھلاڑیوں نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔تقریب میں ایم پی اے راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہیں ، چیمبر آف کامرس اینڈ اننڈسٹری کے صدر عامر اقبال نے کہا کہ نوجوانوں میں دن بدن منشیات کے استعمال میں اضافے کی بنیادی وجہ کھیلوں اوردیگر مثبت سرگرمیوں سے دوری ہے ، ہم کھیلوں کے سلسلے میں پہلے کی طرح تعاون کرتے رہیں گے ،تقریب سے راجہ ناصر محفوظ ، تین مرتبہ مسٹر ایشیا یحییٰ بٹ، سیکریٹری پنجاب محمد نعیم،راولپنڈی زون باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر خواجہ اشعر، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نبیل احمد، سابق مسٹر ایشیا محمد حلیم بٹ، چوہدری شکورو دیگر نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر جمز مالکان اور سینکڑوں نوجوان باڈی بلڈرز بھی موجود تھے ۔ مقابلوں کے آخر میں مہمان خصوصی چوہدری دانیال تنویر نے’’ مسٹر راولپنڈی‘‘ کو موٹر سائیکل اور 20ہزار روپے کیش انعام اور دیگر کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور کیش انعامات دیئے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •