Voice of Asia News

مسجد نبوی ؐ کے امام عبداﷲ بلادی کا اسد شمیم کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام

 
لاہور (وائس آف ایشیا)مسجد نبوی ؐ کے پیش امام شیخ عبداﷲ بلادی نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران مانچسٹر میں مقیم اپنے قریبی دوست برطانیہ میں ایشین بزنس لیڈر ایوارڈ اور برٹش مسلم بزنس مین لیڈرکا ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی نژادبرطانوی بزنس مین فرنیچر اِن فیشن کے چیف ایگزیکٹیو اسد شمیم کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا ۔اس موقع پر اسد شمیم کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی ؐ کے امام عبداﷲ بلادی کا مہمان بننا اور ان کے ساتھ افطار ڈنر کرنا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ بیت اﷲ شریف اور مسجد نبوی ؐکے آئمہ کرام کو مسلم اُمہ میں اتحادویگانگت کی علامت سمجھا جاتا ہے اور وہ صرف بیت اﷲ شریف یا مسجد نبویؐ ؐمیں آنے والے مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ پوری دُنیا کے مسلمانوں کے امام ہیں،مسجد نبوی ؐ کے امام عبداﷲ بلادی نے مسلمانوں کو ہمیشہ فرقہ واریت کے خاتمے اور اُمت واحدہ بننے کی ترغیب دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے تعلقات چونکہ شروع دن سے انتہائی مضبوط اور مستحکم رہے ہیں، اس لئے ہر پاکستانی چاہے وہ کسی بھی مکتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا کیوں نہ ہو، سرزمین حرمین الشریفین کیلئے ہمیشہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے دُعائیں کرتا ہے اور سعودی عرب کا نام سنتے ہی محبت، اخوت اور ایثار و قربانی کا جذبہ اس کے دل میں جاگزیں ہونے لگتا ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوستی، محبت اور عقیدت کا لازوال رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •