Voice of Asia News

شمالی وزیرستان دھماکے کے چار شہداء مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

اسلام آباد/میران شاہ( وائس آف ایشیا ) شمالی وزیرستان دھماکے کے شہداء مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،ملک بھر میں فضاء سوگوار رہی ۔ہفتہ کو گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے غلام علی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے چاروں جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ کے علاقے کریم آباد سے تھا،ان کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے آبائی علاقے کو پہنچائی گئی جہاں رقت آمیز مناظر دیکھے گئے بعد میں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہید کی نماز جنازہ میں عسکری اور سول حکام سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شہید میجر معیز مقصود بیگ کا تعلق کراچی سے تھا جن کی میت کراچی روانہ کر دی گئی جہاں ان کی تدفین کی جائے گی ۔شہید کیپٹن عارف اﷲ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ لکی مروت میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، کیپٹن عارف اﷲ کی نمازجنازہ میں جی او سی 9 ڈویژن اسد نواز سمیت اعلی فوجی و سول افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاک فوج کے سپاہی محسن علی کی نماز جنازہ جڑانوالا کے آبائی گاؤں پٹھان والا میں ادا کی گئی، شہید کو پاک فوج کے چاقو چوبند دستے نے سلامی دی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے نواب شیر وسیر سمیت سیاسی، سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے فضا میں بلند کئے۔ایف سی اہلکار محسن علی پاک افغان سرحد کے علاقے غلام علی میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہوئے تھے، شہید کے والد منظور احمد کا کہنا ہے مجھے اپنے بیٹے کی وطن کے لئے دی گئی قربانی پر فخر ہے، وطن کی حرمت و بقا کے لئے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔شہید ہونے والے نائب حوالدار ظہور احمد کی تدفین چکوال میں ان کے آبائی گاؤں پیپلی میں ادا کی گئی۔شہید کی نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری اور سول حکام سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہداء کی میتوں کو تدفین سے قبل پاک فوج کے چا ک و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ شہداء کی قبروں پر صدر مملکت،وزیر اعظم اور آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے گئے۔پاک فوج کے یہ جوان گزشتہ رات شمالی وزیر ستان کی تحصیل غلام علی کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہو گئے تھے،اس واقعہ پر ملک بھر میں فضا سوگوار رہی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسی مقام پر فورسز نے سرچ آپریشن کر کے دہشت گردوں کے چند سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران شمالی وزیرستان میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔ملکی سیاسی قیادت نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •