Voice of Asia News

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی

 
 
اسلام آباد( وائس آف ایشیا)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلیو ایریا اسلام آباد میں خوف وہراس پھیلانے والے سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ چھ سال قبل بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والا سکندر اپنی سزا پوری کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اﷲ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی تھی۔ عدالت نے 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے سکندر کی سزاکے خلاف اپیل پر فیصلہ 13مارچ 2019کو محفوظ کیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا، سکندر کی اپیل مسترد کی جاتی ہے،بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والا سکندر اپنی سزا پوری کرے ۔ ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی۔ وفاق نے سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی دائر نہیں کی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلیوایریا میں 16اگست 2013کو واقعہ پیش آیا تھا۔ گیارہ مئی 2017کوانسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم سکندر کو 16سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت نے ملزم سکندر پر ایک لاکھ 10ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیاتھا۔یاد رہے کہ سکندرنامی شخص نے جدید ہتھیاروں کے زور پر بلیو ایریا اسلام آباد میں کئی گھنٹے تک ڈرامہ رچایا اور واقعہ کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب پاکستان بیت المال کے اس وقت کے چیئرمین زمرد خان نے سکندر کے بچوں سے ملاقات کی خواہش کی اور قریب جانے پر انہوں نے سکندر کو پکڑنے کی کوشش کی۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •