Voice of Asia News

مکی آرتھر کی کہانی ختم قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع

لاہور (وائس آف ایشیا)پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کے حوالے سے سوچ بچار کے بعد قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش کا آغاز کردیا۔قومی ٹیم ورلڈکپ میں بہتر کارکردگی کے باوجود خراب رن ریٹ کے سبب سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہی تھی اور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کا واضح امکان نظر آ رہا ہے۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی کے معاہدے کی مدت مکمل ہو چکی ہے اور اس میں بظاہر توسیع مشکل نظر آ رہی ہے۔گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور مکی آرتھر کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی تو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اپنے معاہدے میں توسیع کی خواہش ظاہر کی لیکن احسان مانی نے انہیں کسی بھی قسم کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا۔اب مکی آرتھر اور بقیہ ٹیم مینجمنٹ کی قسمت کا فیصلہ پی سی بی کی قائم کردہ کرکٹ کمیٹی کرے گی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور ایم ڈی پی سی بی وسیم خان شامل ہیں۔اس حوالے سے بورڈ میں مکی آرتھر کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی بھی تجویز پیش کی گئی اور انہیں ورلڈ ٹی20 تک ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی آرا بھی دی گئیں لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں اینڈی فلاور اور ثقلین مشتاق بھی دوڑ میں شامل ہیں ،بتایاگیاہے کہ پی سی بی نے زمبابوے کے اینڈی فلاور سے رابطہ کیا ہے جو پانچ سال انگلش ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں اور انہیں ایک بہترین کوچ مانا جاتا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ بورڈ محدود اوورز اور ٹیسٹ کرکٹ کیلئے الگ الگ کپتان بنانے پر بھی غور کررہا ہے اور عین ممکن ہے کہ سرفراز ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہاتھ دھو بیٹھیں البتہ انہیں ون ڈے ٹیم اور ٹی20 ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔سلیکشن کمیٹی کا جانا لگ بھگ طے نظر آتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے گی۔پی سی بی نے نئی سلیکشن کمیٹی کیلئے بھی تین سابق کرکٹرز کے ناموں پر غور شروع کردیا اور ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حوالے سے سابق کوچ محسن حسن خان، معین خان اور عامر سہیل دوڑ میں شامل ہیں۔
وائس آف ایشیا11جولائی 2019 خبر نمبر21

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •