Voice of Asia News

برطانیہ اور یورپی یونین میں ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، شاہ محمود قریشی

 
لندن ( وائس آف ایشیا)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین میں ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، یہ کون کررہا ہے؟ان کے مقاصد کیا ہیں؟ یہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ان سوالات کی تہہ تک جانا ہوگا ؟، ان سوالوں کی تہہ تک ہم پہنچ جائیں تو دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے اور ارادے بے نقاب ہوجائیں گے، ہمیں تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے، تاریخ سے نہ سیکھا تو ہم خطاء کھائیں گے، برطانیہ میں مقیم پندرہ لاکھ یکجا، منظم اور ایک آواز بن جائیں تو انتشار کا بیج بونے کی خواہش مند قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود، ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ جمعرات کو یہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں متحدہ پشتون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے حب الوطنی کے جس بیج کو بویا ہے اس کے ثمرات سب کھائیں گے اور محسوس بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں سے پندرہ لاکھ صرف برطانیہ میں رہائش پزیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ پندرہ لاکھ یکجا، منظم اور ایک آواز بن جائیں تو انتشار کا بیج بونے کی خواہش مند قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہاکہ سمجھنا ہوگا کہ برطانیہ میں کچھ لوگ مخصوص سوچ کو اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین میں بھی ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کون کررہا ہے؟ان کے مقاصد کیا ہیں؟ یہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ان سوالات کی تہہ تک جانا ہوگا ؟۔انہوں نے کہاکہ ان سوالوں کی تہہ تک ہم پہنچ جائیں تو دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے اور ان کے ارادے بے نقاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے، تاریخ سے نہ سیکھا تو ہم خطاء کھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پختونوں، بلوچوں، سندھیوں، پنجابیوں کے ساتھ ساتھ بنگالیوں نے بھی بہت بڑا حصہ ملایا تھا،تاریخ کا یہ حصہ ہے کہ وہ تحریک پاکستان کا حصہ تھے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کو نیچا دکھانے کی خواہش رکھنے والی قوتوں نے وہاں انتشار کے بیج بوئے اور نفرت کو ہوا دی ۔انہوں نے کہاکہ باخبر رہنا ہمارا فرض ہے، توقع کرتا ہوں کہ پندرہ لاکھ برطانیہ میں رہائش پزیرپاکستانی پاکستانی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار اسی قومی جذبے سے ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی آپ کا جمہوری حق ہے، جس کا ہم احترام کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان، پاکستان کا نظریہ، سوچ اور مفادات سب چیزوں پر فوقیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس جذبے سے مل کر نکلیں گے تو ہماری صفوں میں نہ صرف یک جہتی ہوگی بلکہ انتشار پھیلانے والے بھی ناکام ہوں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں پر فخر ہے، پچاس کی دہائی میں معاشی مجبوریوں کی بناء پر کئی خاندان یہاں آباد ہوئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ان پاکستانیوں نے محنت سے نہ صرف یہاں گھر بنائے بلکہ اہلیت کی بنیاد پر یہاں کے معاشرے میں عزت بھی کمائی ۔ انہوں نے کہاکہ ان میں سے ہی کئی لوگ یا ان کی اولادیں منتخب ہوکر برطانیہ کے ایوان عام اور خاص کے ارکان ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بہت سے پاکستانی ایسے ہیں جنہوں نے برطانیہ میں مئی میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں اپنا وجود تسلیم کرایا۔انہوں نے کہاکہ بہت سے پاکستانی بچے ایسے ہیں جنہوں نے یہاں کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرکے اہلیت کی بنیاد پر برطانیہ کی اعلی ترین یونیورسٹیوں میں اعلی مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر، وکیل، پروفیسرز، محقق، انجینئرز اور مختلف شعبوں میں یہ قابل فخر پاکستانی فرائض انجام دے رہے ہیں، چھوٹے کاروبار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حصول تعلیم کے دوران کیمرج میں جب میں پڑھتا تھا تویہاں قائم چھوٹے سے پاکستانی ریستوران میں دیسی کھانا کھانے جایا کرتا تھا۔انہوں نے کہاکہ اس چھوٹے سے ریستوان کے مالک نے محنت سے بچے پڑھائے، فخر سے مجھے بتایا کہ پاکستان کے سب سے اعلی وباوقار تعلیمی ادارے ایچی سن میں اس نے اپنے بچے کا داخلہ کروایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں والدین ذاتی قربانیوں، جذبہ و محنت سے اگلی نسل کے لئے ترقی کے دروازے کھولے کیلئے کوشاں ہیں، ان سب پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر معیشت کا انحصار ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کل برآمدات جتنا غیرملکی زرمبادلہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز بھجواتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اعتراف کرنا چاہئے کہ بیرون ملک پاکستانی قومی معیشت کا پہیہ چلانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود، ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ آپ کی حکومت پاکستان کو بہتر، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے تقریب کے منتظمین کو خراج تحسین اور شکریہ اداکیا ۔تقریب میں پشتون شہریوں کی بھی بڑی تعداد میں شرکت، وزیر خارجہ کو روایتی پشتون پگڑی پہنائی گئی ۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس ذکریا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔
وائس آف ایشیا11جولائی 2019 خبر نمبر124

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •