Voice of Asia News

چیئرمین سینیٹ کیلئے سینیٹر میر حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق

اسلام آباد( وائس آف ایشیا) اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے لئے نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق کر لیا ہے ،مسلم لیگ ن کی جانب سے راجہ ظفر الحق کی بجائے سینیٹر میر حاصل بزنجو کا نام تجویز کیا گیا جس پر اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے کر لیا ۔سینیٹر میر حاصل بزنجو نے بطور چیئرمین سینیٹ نامزدگی پر میاں نواز شریف ،آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں رہبر کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے سینیٹر میر حاصل بزنجو کو چیرمین سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار نامزدکیا ہے اور اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر سینیٹر میر حاصل بزنجو کیلئے ووٹ مانگیں گے انہوں نے کہاکہ سینیٹ قوانین کے مطابق 14روز کے اندر اجلاس بلانا ضروری ہے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ چیرمین سینیٹ کے حوالے سے حکومت کے پاس ممبران کی تعداد پوری نہیں ہے اور تحریک عدم اعتماد ہر صورت کامیاب ہوگی انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت سینیٹ اجلاس بلانے سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے تاہم آئین کے مطابق 14روز کے اندر سینیٹ کا اجلاس بلانا ضروری ہے انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی پاکستان مسلم لیگ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنے متفقہ امیدوار کو ووٹ دے گی اس موقع پر اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنے تین ناموں میں سینیٹر میر حاصل بزنجو کا نام بھی دیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران نے اتفاق کر لیا ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں سینیٹر میر حاصل بزنجو بطور چیرمین سینیٹ بہترین انتخاب ہیں موصوف ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں اور ہر قسم کے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتے ہیں اپوزیشن کی جماعتوں کی جانب سے نامزدگی کے بعد سینیٹر میر حاصل بزنجو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنی نامزدگی پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف ،پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری ،چیرمین بلاول بھٹو اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نامزدگی پر یہ سمجھتا ہوں کہ چیرمین سینیٹ بن گیا ہوں انہوں نے کہاکہ میں بلوچستان کارڈ کھیلنے کے حق میں نہیں ہوں اور کسی کو بھی بلوچستان کارڈ کھیلنے نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ بطور امیدوار نامزدگی کے بعد تمام سیاسی جماعتوں سے ووٹ کیلئے رابطہ کرونگا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی محرومیاں بہت زیادہ ہیں جو محض چیرمین سینیٹ بننے سے دور نہیں ہوسکتی ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کا سپوت ہونے پر مجھے فخر ہے ۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •