Voice of Asia News

جشن آزاد ی کراٹے چمپئن شپ ،مشیر برائے کھیل عبد الخالق ہزارہ نے انعامات تقسیم کئے

کوئٹہ (وائس آف ایشیا)جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام جشن آزاد ی کراٹے چمپئن شپ منعقد کی گئی ۔جس میں صوبے کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں خواتین اور مرد کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ، کراٹے دیکھنے کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے ان مقابلوں کو دیکھا اور خوب لطف اندوز ہو ئے۔چمپئن شپ کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے کھیل وثقافت عبد الخالق ہزارہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔جبکہ اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے کھیل وثقافت عبد الخالق ہزارہ کوجاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر حسین علی چنگیزی نے یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی۔ عبداﷲ چنگیزی جشن آزادی کراٹے چمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری تھے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے کھیل وثقافت عبد الخالق ہزارہ نے کہا کہ پاکستان سے ہماری محبت لازوال ہے ،ہماری قوم جذبہ ایمانی سے سرشار اور بہادر ہے ،ہمیں ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے متحد ہو کر بھرپور انداز میں کام کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔جبکہ ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان جس طرح نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کر رہی ہے یہ قابل ستائش ہے۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر حسین علی چنگیزی نے کہا کہ جشن آزادی کراٹے چمپئن شپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں پاکستان سے محبت کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے کیونکہ پاکستان ہماری آن ،بان شان اور پہچان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے کیلئے کوئٹہ میں کراٹے چمپئن شپ منعقد کی تاکہ کھلاڑی کھیلوں کے ذریعے اپنی زندگی میں نظم و نسق پیدا کریں اورمعاشرے میں بہتری کیلئے کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی مناسب رہنمائی کرکے ان کو منزل تک پہنچنے میں مدد کی جائے ، ہمارے نوجوانوں نے عالمی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔کراٹے کے معروف انٹر نیشنل کھلاڑی وکوچ عبداﷲ چنگیزی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے معاشرتی افراد کا صحت مند رہنا انتہائی ضروری ہے اور معیار زندگی کے بنیادی تقاضوں میں اچھی صحت اور بہترین تعلیم اور تربیت کی ہم آہنگی لازم و ملزوم ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک ترقی پذیر معاشرے کیلئے جو کردار صحت مند اور بہترین تعلیمی زیور سے آراستہ افراد کر سکتے ہیں وہ دوسرا کوئی نہیں کر سکتا انہی مقاصد کے حصول کیلئے پاکستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی جانب توجہ دے کیونکہ جب کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہو جائیں گے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •