Voice of Asia News

کھیلوں کے ذریعے نسل ِنو میں پاکستان سے محبت کا جذبہ پروان چڑھا رہے ہیں ،انعام الحق سلیم

 
لاہور(وائس آ ف ایشیا)مشعل یوتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے دل چسپ مقابلے جاری ہیں ۔جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم شاکر اور سیکرٹری انعام الحق سلیم کے مطابق دنگل ،کبڈی ،تائیکوانڈو ،سوئمنگ،کک باکسنگ اور ہاکی کے مقابلے اختتام پذیر ہوچکے ہیں جبکہ دیگر کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں ۔ شیر علی پہلوان نے رکھا ساہیوالیا پہلوان کو شکست دے کر جشن آزادی دنگل جیت لیا۔کبڈی کا فائنل کیر کلاں کبڈی کلب نے جیتا۔فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گجر کبڈی کلب کو 26 / 48 پوائنٹ سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔تائیکوانڈو کے مقابلوں میں ثمر منیر نے گولڈ اور وقاص نے سلور میڈل اپنے سینے پر سجایا۔کک باکسنگ میں کاشف نے شاندار کھیل کی بدولت سونے کا تمغہ جبکہ رفیق نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔خواتین کے ہاکی مقابلوں میں پنجاب سپورٹس بورڈ کی وویمن ہاکی ٹیم نے فائنل میچ میں روحا ہاکی اکیڈمی کو تین کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹرافی جیتی۔سوئمنگ میں بٹر فلائی ایونٹ میں شیزا علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور ٹرافی جیتی۔انڈر 10 گرلزکیٹگری میں سنتھیا سلیم اوربوائز کیٹگری میں محمد سلیم نے گولڈ میڈلز جیتے۔انڈر 16 گرلزکیٹگری میں سارہ جبکہ بوائز کیٹگری نصراﷲ سونے کے تمغے جیتنے میں کامیاب ہوئے۔انڈر 24 گرلز کیٹگری میں روزینہ اوربوائز کیٹگری میں عمران نے گولڈ میڈ ل جیتا۔ جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کے آرگنائزنگ سیکرٹری انعام الحق سلیم نے کہا کہ جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں پاکستان سے محبت کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے کیونکہ پاکستان ہماری آن ،بان شان اور پہچان ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے ہماری محبت لازوال ہے ،ہماری قوم جذبہ ایمانی سے سرشار اور بہادر ہے ،ہمیں ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے متحد ہو کر بھرپور انداز میں کام کرنے کا عہد کرنا ہو گاجبکہ ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •