پاکستان کی خود مختاری پر وار کیا گیا تو ٹھوس جواب دیا جائیگا، اسد مجیدکاامریکی اخبار کو انٹرویو

واشنگٹن(وائس آف ایشیا)امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، عالمی برادی کو مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی ظاہر کرنی چاہیے، پاکستان کی خود مختاری پر وار کیا گیا تو ٹھوس جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ مسئلہ کشمیر پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ جنرل اسمبلی کا اجلاس مسئلہ کشمیر کی سنگین نوعیت اجاگر کرنے کا موقع ہو گا۔ واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب اور ایک امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، خودمختاری چیلنج کی گئی یا خطرات سے دوچار کیا گیاتو ٹھوس جواب دیں گے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا اوور سیز پاکستانی امریکی ایوانوں میں مسئلہ کشمیر پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں، پاکستانی اور کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی ہے۔اسد مجید خان نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی سنگین نوعیت کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہوگا، وزیراعظم اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ مسئلہ کشمیر پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
وائس آف ایشیا 28اگست 2019 خبر نمبر2